انٹر بینک میں ڈالر 159روپے، اوپن مارکیٹ میں روپیہ ڈٹا رہا

341

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ڈالر159روپے کی سطح سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں پاکستانی روپیہ ڈالرکے سامنے ڈٹا رہا ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق عید الاضحی کی طویل تعطیل کے بعد جمعہ کو کرنسی مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں55پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 158.40روپے سے بڑھ کر158.95روپے اور قیمت فروخت 158.50 روپے سے بڑھ کر159.05روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 159روپے اور قیمت فروخت159.50روپے پر بدستور برقرار رہی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق جمعہ کو یورو کی قدر میں 80پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت خرید 175روپے سے کم ہو کر174.70 روپے اور قیمت فروخت 177.50 روپے سے کم ہو کر 176.70روپے پر آ گئی تاہم برطانوی پونڈ کی قدر میں 2.30روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 189روپے سے بڑھ کر 191.50 روپے اور قیمت فروخت 191.20 روپے سے بڑھ کر193.50روپے پر جا پہنچی ۔