مقبوضہ وادی کی حیثیت تبدیل کرنے کا معاملہ، سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا

270

بھارت کے کشمیر پرانتہاء پسندانہ اقدام اور مقبوضہ وادی کی حیثیت تبدیل کرنے پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بند کمرے میں ہوگا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق سلامتی کونسل کا اہم اجلاس آج پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔

اس سے قبل پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے  صدر سلامتی کونسل کو لکھے خط میں اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی تھی جس کی حمایت بھارت کے دوست روس نے بھی کی ۔

خیال رہے کہ 50 سال بعد اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہوگی جسے پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی سمجھا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا راستہ امن کا راستہ ہے اور ہم نے کبھی جنگ کو ترجیح نہیں دی۔مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ،اسی وجہ سے بھارت سلامتی کونسل اجلاس کی مخالفت کررہا ہے۔