“یہ کونسی اسلامی ریاست ہے کہ عید کی نماز بھی نہیں پڑھنے دیتے”

423

میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کو تین روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

نیب حکام کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کیس میں ایک نئی پیش رفت ہوگئی ہے، ایک ملزم نے بیان دیا ہے کہ اس کو آصف زرداری سے کنفرنٹ کرانا ہے، لہذا آصف زرداری کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

آصف زرداری روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ عید کی نماز بھی نہیں پڑھنے دیتے، عرفان منگی یہاں ہو تو پوچھوں کہ یہ کون سی اسلامی ریاست ہے، عدالت کی اجازت کے باوجود میری بیٹی کو مجھ سے ملنے نہیں دیا جاتا۔

سابق صدر آصف زرداری نے جیل میں سہولیات کے لیے اے کلاس کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل سہولیات اوراہل خانہ سے ملاقات کی اجازت بھی دی جائے۔

احتساب عدالت نے آصف زرداری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے 19 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔