برآمدات بڑھائے بغیر ملکی ترقی ناممکن ہے، عمر شاہد بٹ

179

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان بزنس فورم کے صدر عمر شاہد بٹ نے کہا ہے کہ برآمدات بڑھائے بغیر ملکی ترقی اور قرضوں پر دارومدار ختم کرنا ناممکن ہے، پاکستان کی فارما انڈسٹری میں ترقی اور برامدات کا بڑا پوٹینشل موجود ہے جس کی مدد سے بھاری زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے جبکہ غربت میں کمی کی جا سکتے ہے۔ عمر شاہد بٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ادویات کی عالمی منڈی کا حجم تقریباً 1.3 کھرب ڈالر ہے جس میں سے شمالی امریکہ کا حصہ50 فیصد جبکہ پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، بھارت18 ارب ڈالر کی ادویات برآمد کر رہا ہے جس میں 14 ارب ڈالر کی ادویات صرف امریکہ خرید رہا ہے جبکہ پاکستان کی کل برآمدات200 ملین ڈالر ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی فارما پراڈکٹس کی کوالٹی بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ انھیں امریکہ اور پورپی منڈیوں میں بھی روشناس کروایا جا سکے کیونکہ اس وقت مقامی فارما انڈسٹری کا فوکس مقامی مارکیٹ اور ترقی پزیر ممالک پر ہے۔پاکستان اس صنعت کو ترقی دینے کے لئے فارما ایکسپورٹ کونسل بنائے تاکہ صنعت کا معیار بہتر بنایا جا سکے اور پاکستانی ادویات کو ترقی یافتہ ممالک میں رجسٹر کروایا جا سکے کیونکہ ٹڈاپ نے اس سلسلہ میں کوئی قابل قدر کام نہیں کیا ہے۔حکومت اس صنعت کو اپ گریڈ کرنے والوں کو ٹیکس مراعات اور دیگر سہولیات دے اورخام مال کی درامد پر محاصل کم یا ختم کرے تاکہ اسکی ترقی یقینی بنائی جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں بھارتی فارما مصنوعات کے خلاف معیار، مقدار، دھوکہ دہی، لالچ وغیرہ کے معاملات چل رہے ہیں جسکی وجہ سے انکی مانگ کم ہو رہی ہے جس سے پاکستان بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔