عالمی برادری نریندر مودی کی سپورٹ بند کرے، راجا محمد جواد

190

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر پاکستان بھر کی طرح ضلع راولپنڈی میں بھی یوم پاکستان کو کشمیر ی عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا گیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ کشمیر بچائو ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمد جواد، ضلعی سیکرٹری سید امجد حسین شاہ، گروپ لیڈر پی پی 13 محمد تاج عباسی، امیر زون ملک محمد الیاس سمیت دیگر ذمے داران نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عالمی برادری بھارت اور نریندر موذی جیسے دہشت گرد کی سپورٹ بند کرے، مسلم ممالک کے حکمران عالمی طاغوت کی غلامی کررہے ہیں، جس کے باعث کشمیر، فلسطین سمیت پوری دنیا میں مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے۔ پاکستانی حکمرانوں سے کوئی امید نہیں، جماعت اسلامی اور پاکستانی عوام، مظلوم کشمیریوں کی مکمل پشتیبانی جاری رکھیں گے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور بیانات اور قرار داد مذمت سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کریں۔