وقت آگیا پاکستان کا نقشہ پھیلے اور بھارت کا سمٹے گا،وزیر اعظم آزاد کشمیر

186

مظفر آباد(خبر ایجنسیاں) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے پاکستان کا نقشہ پھیلے اور بھارت کا سمٹے۔آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کے دوران راجا فاروق حیدر نے کہا کہ آزادی کشمیر کا سفر 72 سال نہیں 500 سال پر محیط ہے، 1932 میں کشمیریوں کا قتل عام کیا گیا، سروں کی قیمت مقرر کی گئی۔ قرارداد پاکستان میں 7کشمیری رہنما بھی شریک تھے۔ 1944 میں کشمیریوں نے فیصلہ کرلیا تھا ہمارا جینا مرنا  پاکستان کے ساتھ ہے۔ کشمیری آج بھی اس بات پر قائم ہیں۔ 1989 سے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیری جان قربان کرچکے، سیکڑوں کی تعداد میں بچے اور بچیوں کی بینائی چلی گئی، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا سلسلہ جاری رہے گا۔راجا فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ مودی وہی کررہا ہے جو ہٹلر نے کیا، کشمیر میں اس وقت کیا ہورہا ہے ہمارے پاس کوئی اطلاع نہیں۔ ہریانہ کے وزیر نے کشمیریوں کو دھمکیاں دی ہیں یہ معاملہ اٹھانا چاہیے۔ اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا جائے کہ کشمیریوں کو اشیائے خورونوش پہنچائی جائیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت نے دوطرفہ معاہدوں کو ختم کردیا ہے، اب لائن آف کنٹرول ختم ہوگئی سیز فائر لائن ہے، ہمیں حکمت عملی تبدیل کرنی پڑے گی۔ ہم پاکستان کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں،آج کشمیریوں کا جھنڈا گرگیا تو پاکستان بھی محفوظ نہیں ہوگا۔ آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتیں حریت قیادت کیساتھ ہیں۔ سارے کشمیری وزیراعظم پاکستان کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ پوری کشمیری قوم وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ ہے۔ وزیر اعظم پاکستان سے امید ہے ہمارا ساتھ دیں گے۔ میں اپنے آبائی گھر جانا چاہتا ہوں۔ میں اپنی زندگی میں اپنے آبائی گھر کو دیکھنا چاہتا ہوں، وقت آگیا ہے کہ پاکستان کا نقشہ پھیلے اور بھارت کا سکڑے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر