عمران خان کی تقریر کے بعد مودی کو نیند نہیں آئیگی،فردوس عاشق

226

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ آج وزیراعظم پاکستان نے سینہ تان کے مودی کو للکارا اور پیغام دیا کہ وہ ریاستی دہشتگردی سے باز رہے۔ مودی کو وزیر اعظم عمران خان کی تقریر کے بعد اب نیند نہیں آئے گی۔ ڈی چوک اسلام آباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے آنے سے پہلے قیام پاکستان کا دورتھا، اقتدارمیں آنے سے پہلے عمران خان نے سا مراجی نظام کیخلاف جنگ لڑی اور اقتدار میں آنے کے بعد ایک سال تک استحکام پاکستان کے لیے کام کیا اورگلے سڑے نظام کے خاتمہ کیلیے اصلاحات کی، اب اگلا سال تعمیر پاکستان کا سال ہوگا۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مکروہ اورسیاہ عمل سے کشمیریوں سے شناخت چھیننے اور کشمیر کی حیثیت بدلنے کی سازش کی کی کوشش کی، کشمیریوں پر ظلم وستم ڈھائے گئے لیکن مودی سرکار یاد رکھے کہ گولی سے کسی قوم کو پابند سلاسل نہیں کیا جاسکتا۔معاون خصوصی نے کہا کہ آج وزیراعظم پاکستان نے سینہ تان کے مو دی کو للکارا اور پیغام دیا کہ وہ ریاستی دہشت گردی سے باز رہے۔ وزیراعظم نے بھارتی سرکار کو بتایا کہ ہم طاقت سے زیادہ جذبے سے لڑتے ہیں۔ مودی کو وزیر اعظم عمران خان کی تقریر کے بعد اب نیند نہیں آئے گی۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھ اکہ پاکستان کشمیریوں کو اپنے وجود کا حصہ سمجھتا ہے۔ اہلِ کشمیر یقین رکھیں پاکستان کی بہنیں اور قوم کی مائیں آپ کے درد میں شریک ہیں، آپکو پہنچنے والی ہر تکلیف پاکستانی عوام محسوس کرتے ہیں، کشمیریوں کو ہم تنہا نہیں چھوڑیں گے، اپنے موقف میں لچک نہیں دکھائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کشمیرکازکوہر فورم پراجاگر کرنے کیلیے پرعزم ہیں مسئلہ کشمیر پر اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔