کشمیر میں جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا، وزیر داخلہ اعجاز شاہ

572

ننکانہ صاحب (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی، بہت جلد کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا، ہم کشمیری بھائیوں کے بتا دینا چاہتے ہیں کہ جدوجہد آزادی کے میں کامیابی کے حصول تک ان کے ساتھ ہیں، قائداعظم نے دو قومی نظریہ کی بنیاد پر مسلمانان برصغیر کیلیے الگ وطن پاکستان حاصل کیا، ہم ساری عمر بھی قائداعظم اور علامہ اقبال کے احسان کا بدلہ نہیں چکا سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمنازیم ہال ننکانہ صاحب میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح ننکانہ صاحب میں بھی یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ ننکانہ صاحب، شاہ کوٹ، سانگلہ ہل اور واربرٹن سمیت ضلع بھر میں درجنوں مقامات پر یوم آزادی کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی تقریب جمنازیم ہال ننکانہ صاحب میں ہوئی جس میں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز احمد شاہ، سکھ، مسیحی اور ہندو کمیونٹی کے رہنماؤں، ججز، وکلا، علما کرام، تاجروں، اساتذہ، صحافیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے اور ہمیں اس پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ آزادی کی قدر مظلوم کشمیریوں سے پوچھی جا سکتی ہے جو اس نعمت کے حصول کیلیے لاکھوں جانیں قربان کرچکے ہیں اور قربانیوں کا یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے طلبا، اساتذہ اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ لاکھوں جانوں کی قربانی سے حاصل ہو نے والے اس پیارے وطن پاکستان کی قدر کریں اور اس کی ترقی و خوشحالی کیلیے اپنا اپنا کردار ایمانداری سے ادا کریں۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ نے یوم آزادی کے موقع پر مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی افواج کے بہیمانہ مظالم کے خلاف ننکانہ صاحب میں ریلی کی قیادت بھی کی ریلی ہاکی اسٹیڈیم سے شروع ہو ئی جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی گول چکر پہنچ کر ختم ہوئی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب میں اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم نے اپنے آزادی کے دن اظہار یکجہتی کشمیر سے ثابت کر دیا ہے کہ ہم سب اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ نریندر مودی کے حالیہ اقدامات نے دو قومی نظریہ کو ایک مرتبہ پھر زندہ کر دیا ہے جس کی بنیاد پر مسلمانان برصغیر نے ہندوؤں اور انگریزوں سے آزادی حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے جنون نے خطے کے پونے ارب سے زائد لوگوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگا دیا ہے جس کا اقوام عالم کو نوٹس لینا چاہیے۔