آزادی کی قدر نہ کرنے والے صفحہ ہستی سے مٹ جاتے ہیں، لیاقت بلوچ

259

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے مکہ مکرمہ میں پاکستانی حجاج اور پاکستانی کمیونٹی کے یوم آزادی کے حوالے سے مشترکہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے ۔آزادی کی حفاظت اور قدر نہ کرنے والی قومیں صفحہ ہستی سے حرف غلط کی طرح مٹا دی جاتی ہیںاور جو لوگ اپنی آزادی کی حفاظت کرتے ہیں وہی سلامت اور عزت و وقار حاصل کرتے ہیں ۔اللہ تعالی نے پاکستان کو بڑی نعمتوں ، وسائل اور انسانی صلاحیتوں سے نوازا ہے ۔آج پوری قوم کشمیر میں بھارتی مظالم اور برہمن دہشت گردی کے خلاف غم و غصے کا اظہار کررہی ہے ۔پاکستان کے دشمن ناکام و نامراد ہوںگے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے ۔دشمن طرح طرح کی سازشیں کررہا ہے ۔آج اتحاد عالمی اسلامی اور یکجہتی کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکا بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ اسلام ،پاکستان اور کشمیر و فلسطین کے خلاف ہے ۔ عالم اسلام قدر مشترک اور درد مشترک کی بنیاد پر متحد ہوجائے تو دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جاسکتا ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیر کے خلاف بھارتی اقدامات پر اب پاکستان کو فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا۔اب بھی خاموشی ،بزدلی اور مصلحتوں کا شکار رہے تو تاریخ کبھی ہمیں معاف نہیں کرے گی۔پاکستان کے پاس جرأت مندانہ اقدام اور مضبوط سفارت کاری کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں کشمیریوںکا خون رائیگاں نہیںجائے گا۔کشمیر آزاد ہوگا اور پاکستان قیامت کی صبح تک قائم اور سلامت رہے گا۔تقریب میں جماعت اسلامی ،جمعیت علما اسلام ،مسلم لیگ ،پیپلز پارٹی ،اے این پی اور تحریک انصاف کے نمائندے بھی شریک تھے ۔