دنیا بھر کے پاکستانی سفارتخانوں میں یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد

170

نئی دہلی/ تہران/ بیجنگ/ ابوظہبی/ پیرس/ کولمبو (خبر ایجنسیاں) دنیا بھر کے پاکستانی سفارتخانوں میں یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا‘ نئی دہلی، تہران، بیجنگ، ابوظہبی، پیرس اور کولمبو میں صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا اور قومی پرچم لہرایا گیا‘ اسکول کے بچوں نے تقریب میں ملی نغمے گائے اور ٹیبلو پیش کیا ۔سفرا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بزرگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں‘ اقوام متحدہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن میں یوم آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا قائم مقام ہائی کمشنر سید حیدر شاہ نے تقریب کے شرکا کو یوم آزادی کے حوالے سے مبارکباد دی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب کشمیری مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منائی گئی جس میں بڑی تعداد میں ایران میں مقیم پاکستانیوں نے شرکت کی۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ میں اسلامی جمہوریہ پا کستان کا 72 واں یوم آزادی شان و شوکت سے منایا گیا۔ تقریب میں مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات کی شدید مذمت اور اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہا کہ آج پاکستان اپنا یوم آزادی کشمیریوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کے طور پر منا رہا ہے تاکہ ان پر کیے جانے والے بھارتی مظالم سے عالمی برادری کو آگاہ کیا جا سکے۔ سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کولمبو نے کشمیریوںکے ساتھ اظہار یکجہتی کے طورپر یوم آزادی منایا ‘یوم آزادی کی رنگا رنگ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا جس میں پاکستانی برادری، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور سفارتکار برادری نے شرکت کی۔ پاکستانی ہائی کمشنرشاہد احمد حشمتنے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی، ترقی اور استحکام کی حمایت کی ہے۔ ابوظہبی کے پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر غلام دستگیرنے کہا کہ آج کے دن ہم قیام پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والے اپنے بزرگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے لیے علیحدہ وطن بنایا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے تنازع کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے عالمی برادری کے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ یوم آزادی پر پاکستانی سفارتخانہ فرانس کے زیر اہتمام کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پیرس میں پرچم کشائی کی سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں پاکستانی برادری، سفارتخانے کے اہلکاروں اور میڈیا سمیت سفارتکاروں نے بھی شرکت کی ہے۔ اپنے خطاب میں پاکستانی سفیر معین الحق نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کا بھارت کا اقدام عالمی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، دوطرفہ معاہدوں اور بھارت کے رہنمائوں کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور بالخصوص سلامتی کونسل کے مستقل اراکین سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزریوں کا نوٹس لیں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق طویل عرصہ سے حل طلب مسئلہ کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔