بھارت سے جنگ کی ذمہ داری عالمی برادری پر ہوگی،عمران خان

437
مظفر آباد: وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کررہے ہیں
مظفر آباد: وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

مظفر آباد( خبرایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت سے جنگ کی ذمے داری عالمی برادری پر عاید ہوگی۔پاکستان کے73ویں یوم آزادی کے موقع پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاعات ہیں اور ہماری فوج کو پتا ہے کہ نریندرمودی نے آزاد کشمیر میں حملے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے جس طرح پلواما کے بعد بالاکوٹ میں ایکشن لیا، اب انہوں نے مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانیکے لیے زیادہ خطرناک پروگرام بنایا ہوا ہے۔ عمران خان کے بقول مودی کے اندازے غلط ہیں‘ہم مکمل طور پر تیار ہیں، بھارتی وزیراعظم کو واضح پیغام دیتا ہوں کہ ایکشن لیں،ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، صرف ہماری فوج ہی نہیں بلکہ پوری قوم تیار ہے، اب وقت آگیا ہے کہ مودی کو ایک سبق سکھائیں، دکھائیں گے کہ پاکستان کیاکرسکتا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بہت بڑی اسٹرٹیجک غلطی کردی جو انہیں بہت مہنگی پڑے گی،اب دنیا کی نظر کشمیر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ کشمیر پر قانون پاس کر کے کشمیریوں کو غلام بنا لیں گے،اب کشمیری بھی تگڑے ہوچکے ہیں، موت کا خوف ان میں سے چلا گیا، جس طرح وہ نکلے ایسے نڈر قوم نکلتی ہے، مودی اس قوم کو غلام نہیں بناسکیں گے۔عمران خان نے کہا کہ بھارتی ہم منصب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جوکریں گے تو ہم مقابلے کے لیے آخر تک جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس نے جرمنی کی نازی پارٹی سے سیکھا ہے کہ اگر تھوڑے لوگ منظم ہو جائیں تو پوری قوم پر غالب آ سکتے ہیں۔ بی جے پی نے بھارت میں یہی کیا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے سامنے مسئلہ کشمیر اٹھا رہا ہے اور اب یہ اقوامِ متحدہ پر ہے کہ وہ کشمیر سے متعلق قراردادوں پر کیسے عمل کرواتی ہے، کشمیری اقوامِ متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، پاکستان کشمیر کے مسئلے کو لے کر دنیا کے ہر فورم پر جائے گا،ہم عالمی عدالت انصاف میں جائیں گے اور میں کشمیر کا سفیر بنوں گا۔یوم آزادی کے موقع پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں چیئرمین سینٹ سمیت وفاقی وزراء دیگر اعلیٰ شخصیات نے کی شرکت،۔اجلاس کے دوران تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔