یوم آزادی پر پاکستانیوں نے اظہار یکجہتی کیلئے کشمیر کے پرچم لہرادیئے

779
اسلام آباد: ڈی چوک پر لوگوں کی بڑی تعداد پاکستانی اور کشمیری پرچم اٹھائے بھارت احتجاجی مظاہرے میں شریک ہے
اسلام آباد: ڈی چوک پر لوگوں کی بڑی تعداد پاکستانی اور کشمیری پرچم اٹھائے بھارت احتجاجی مظاہرے میں شریک ہے

کراچی/لاہور /اسلام آباد/کوئٹہ /پشاور (اسٹاف رپورٹر+ خبرایجنسیاں)ملک بھر میں 73 واں یوم آزادی پر پاکستان کے ساتھ کشمیر کے جھنڈے بھی لہرادیے گئے۔پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مقیم پاکستانیوں نے 14 اگست کو یوم آزادی ’’کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘ کے جوش وجذبے کے تحت منایا۔ یوم آزادی کے موقع پر رات 12 بجتے ہی نوجوانوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی،گاڑیوں موٹر سائیکلوں اور رکشوں پر گھومتے رہے اور پاکستان زندہ باد کے ساتھ ساتھ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے بھی لگاتے رہے۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی دبانے کے لیے جو یک طرفہ اقدام کیا ہے اس نے پوری پاکستانی قوم کو جگا دیا اور ہرپاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے قومی پرچم کے ساتھ آزاد کشمیر کا پرچم بھی لہرا رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں جب کہ بچوں کا جوش و جذبہ بھی دیدنی ہے۔یوم آزادی پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں وطن کی سلامتی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے اورکشمیرکی آزادی کی دعاؤں سے ہوا۔وفاقی دارالحکومت میں31 جب کہ صوبائی داراالحکومتوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت عارف علوی تھے جب کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سمیت غیر ملکی سفیر اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی موجود ہے۔کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ آج کا دن قومی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے، آج کے دن اللہ نے ہمیں آزادی کی نعمت عطا فرمائی، ہمارے قائدین کی قربانیوں کی بدولت ہم آزاد فضاوَں میں سانس لے رہے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ دعا ہے کہ قومی پرچم آزاد فضاوَں میں تا قیامت لہراتا رہے، اس سال آج کا دن یوم یکجہتی کشمیر بھی ہے،دنیا دیکھ رہی ہے پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ پاکستان نے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات میں کمی کی ہے، پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ادھر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں ناردرن لائٹ انفنٹری کے دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔