پاکستان قائم رہیگا،کشمیر بھی آزاد کرائینگے،پاک فوج پیش قدمی کرے،حافظ نعیم

350
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ادارہ نور حق میں پاکستان اور کشمیر کے پرچم فضا میں بلند کررہے ہیں‘ دوسری طرف پرچم کشائی کے موقع پر خطاب کررہے ہیں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ادارہ نور حق میں پاکستان اور کشمیر کے پرچم فضا میں بلند کررہے ہیں‘ دوسری طرف پرچم کشائی کے موقع پر خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ یوم آزادی اس عہد اور عزم کا دن ہے کہ پاکستان قائم اور دائم رہے گا اور ہم کشمیر کو آزاد کرائیں گے ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جو حالات پیدا کر دیے ہیں ، عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا چکی ہیں اور کی جا رہی ہیں اب شرعی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت ضروری ہو گیا ہے کہ افواج پاکستان پیش قدمی کریں اور مظلوم و نہتے کشمیریوں کے تحفظ کے لیے اپنی فوج مقبوضہ کشمیر میں اُتارے ۔ ان حالات میں حکمران طبقے کی جانب سے مایوسی پھیلانا ،معذرت خواہانہ اور بزدلانہ بیانات ملک و قوم اور اہل کشمیر کی کوئی خدمت نہیں ۔ ایمان ، غیرت اور حمیت رکھنے والے ایسی باتیں نہیں کرتے ، وزیر خارجہ اپنا بیان واپس لیں ، اپنا رویہ درست کریں یا وہ منصب اور مقام چھوڑدیں جو ان کو حاصل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’یوم ِ آزادی ‘‘ کے موقع پرادارہ نور حق میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم کشائی کے موقع پر خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جماعت اسلامی کی جانب سے آزاد کشمیر اور ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یوم ِ آزادی کو یوم ِ یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا گیا اور پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم ایک ساتھ بلند کیے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔اس موقع پر سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ،نائب امرا برجیس احمد ، مسلم پرویز ، راجا عارف سلطان ،ڈپٹی سیکرٹریز یونس بارائی ، راشد قریشی ، انجینئر عبد العزیز، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور مودی نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے جو کچھ کیا ہے پوری قوم نے اس کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کیا ہے اور یہ واضح کیا ہے کہ اہل پاکستان اہل کشمیر کے ساتھ ہیں اور حکمران خواہ کوئی بھی رویہ اختیار کریں عوام کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امت مسلمہ کے عوام امت کے جسد ِ واحد ہونے کے تصور پر یقین رکھتے ہیں لیکن بد قسمتی سے امت پر مسلط حکمران ٹولہ بزدلی اور امریکی ایجنٹ کا کردار ادا کر رہا ہے ۔ اس لیے امت کی تمنائوں کا خون ہوتا ہے ۔ ہمارے وزیر خارجہ کو ان حالات میں ایسی مایوسی کی باتیں کرنے سے گریز کرنا چاہیے ۔ پوری قوم کشمیریوں کی پشت پر ہے اور آزادیٔ کشمیر کی تحریک کی حمایت جاری رکھے گی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امریکا کبھی بھی مسلمانوںاور پاکستان کا دوست نہیں رہا ہے ، امریکا نے مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی کی سرپرستی اور حمایت کی ہے ۔ اس کی ثالثی سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا اور نہ بے معنی مذاکرات سے کشمیریوں کو ان کا حق ملے گا ۔ موجودہ آزاد کشمیر لڑ کر حاصل کیا گیا تھا مقبوضہ کشمیر بھی جنگ سے حاصل ہو گا اور اب یہ ہی واحد راستہ ہے ۔ اسی راستے کو اختیار کرکے ہی اہل کشمیر کو استصواب رائے کا حق مل سکتا ہے ، اب مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی فوج کو منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے ۔ قوم کا بچہ بچہ بھارت سے جنگ کرنے پر تیار ہے ۔ آج آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں یوم ِ آزادی کے موقع پر قومی پرچم اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے جا رہے ہیں ، مقبوضہ وادی میں بھی کشمیری پاکستان کا یوم ِ آزادی منا رہے ہیں ۔ آج کا دن پوری قوم نے اہل کشمیر کے نام کیا ہے ۔ بھارت اپنی تمام تر فوجی قوت اور ریاستی جبر و تشدد کے باوجود مقبوضہ کشمیر پر اپنا قبضہ زیادہ عرصے تک برقرار نہیں رکھ سکے گا ۔ کشمیر آزاد ہو گا اور پاکستا ن کا حصہ بنے گا ۔