بھارتی اقدام سے امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں،وزیر خارجہ کا روسی ہم منصب سے رابطہ

325

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے رابطہ کرکے مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب کوٹیلی فون کیا، وزیرخارجہ نے بھارتی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ترجمان کے مطابقشاہ محمود قریشی نے روسی وزیرخارجہ کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر سے متعلق بھارتی اقدامات اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قوانین کے خلاف ہیں جب کہ بھارتی اقدامات سے امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرات لاحق ہیں۔ترجمان کے مطابق اس موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ روس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، روسی وزیرخارجہ نے پرامن طریقے سے مذاکرات کے ذریعے تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کی اہمیت پر زوردیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔