مودی نے ترقی پسند سوچ کو ہماری کمزوری سمجھ لیا ،فواد چودھری

265

ڈنمارک/اسلام آباد (اے پی پی)وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چودھری فواد حسین کوپن ہیگن پہنچ گئے جہاں آج 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی پر لندن، پیرس اور ڈنمارک میں یوم سیاہ کی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ فواد چودھری نے کوپن ہیگن میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اپنے یوم آزادی کو کشمیر کے ساتھ منسلک کیا ہے، یورپ میں بسنے والے تمام کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اوورسیز پاکستانی ہماری نسبت پاکستان کے بارے میں زیادہ سوچتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن کے لیے کئی بار جنگ لڑنا بھی پڑتی ہے، معیشت کا محاذ ہو یا کوئی اور میدان، جنگ لازم ہو تو پھر لشکر نہیں دیکھے جاتے۔ پاکستان کو اپنی جنگ خود لڑنا ہو گی اور یہ جنگ جیتنے کے لیے بحیثیت قوم ہمیں متحد ہونا ہو گا،ہم دشمن کا جبڑا توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،جنگ ہوئی تو دنیا اس کی حدت محسوس کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ترقی پسند سوچ کو ہماری کمزوری سمجھ لیا ہے۔ بھارت کو جنگ کا ہسٹریا ہے جو آر ایس ایس کی فلاسفی کا عکاس ہے ،دنیا بھارت کے اقدامات پر ملامت کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں مگر کشمیریوں کی جانوں اور عصمتوں پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔