پاکستان کا یومِ آزادی، گوگل نے اپنا ڈوڈل تبدیل کردیا،

490

کراچی (اسٹا ف رپو رٹر)پاکستان کے 73ویں یوم آزادی کے موقع پر سالہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی گوگل نے بھی اپنا ڈوڈل پاکستانی پرچم اور خیبر پاس کے رنگ میں رنگ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے پاکستان کا جشن آزادی عالمی دنیا میں اجاگر کرنے کے لیے اپنے لوگو کو جسے کمپنی ڈوڈل کا نام دیتی ہے، پاکستان کے مشہور درہ خیبر کی تصویر سے تبدیل کردیا ہے، درہ خیبر پر پاکستان کا پرچم بھی نمایاں ہے۔

ایسا پہلی بار نہیں ہوا، اس سے پہلے بھی متعدد بار گوگل اپنا ڈوڈل پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تبدیل کرچکا ہے۔واضح رہے کہ ہر سال یوم آزادی کے علاوہ پاکستان سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات جیسے سماجی رہنما عبدالستار ایدھی،، شہرہ آفاق مصور اور خطاط صادقین احمد نقوی کی سالگرہ کے مواقع پر بھی اپنا ڈوڈل پاکستان سے منسوب کیا ہے۔

فاطمہ ثریا بجیا، صادقین اور نصرت فتح علی خان کے علاوہ کرکٹر حنیف محمد اور اور عبد الحفیظ کے یوم پیدائش کے موقع پر بھی گوگل اپنا ڈوڈل اس دن کی مناسبت سے تبدیل کرچکا ہے۔

اس کے علاوہ عالمی سطح پر منائے جانے والے دنوں میں بھی گوگل اپنا ڈوڈل تبدیل کرتا ہے، جیسے ارتھ ڈے، خواتین کا عالمی دن، ماؤں کا عالمی دن، عالمی یومِ صحت ودیگر شامل ہے۔

گوگل کے تبدیل شدہ لوگو کو دیکھنے کے لئے آپ آج جیسے ہی گول سرچ انجن میں جائیں گے تو آپ کے سامنے جو پیج کھلے گا اس پر آپ کو یہ تصویر نمایاں نظرآئے گی۔ جب آپ اس تصویر پر کلک کریں گے تو گوگل انٹرنیٹ پر موجود پاکستان کے یومِ آزادی سے متعلق زیادہ سرچ کی جانے والی تمام تر معلومات آپ کے سامنے رکھ دیتا ہے۔