ایشز ٹیسٹ؛ پہلے دن کا کھیل بارش کے باعث تعطل کا شکار

575

لندن: انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ایشز ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل بارش کے باعث تعطل کا شکارہوگیا ۔

پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کی بدولت آسٹریلیا کو  5 میچز کی اس سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، برمنگھم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں انگلینڈ کو اسٹار باؤلر جیمز اینڈرسن کی انجری نے کافی نقصان پہنچا جوکہ صرف 4 اوورز کے بعد پنڈلی کی تکلیف کے باعث فیلڈ چھوڑ کر چلے گئے تھے، دونوں اننگز میں آسٹریلوی ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالنے میں اسٹیون اسمتھ کا بھی اہم کردار رہا، جنھوں نے پہلی باری میں 144 جبکہ دوسری اننگزمیں 142رنزاسکور کیے۔

برمنگھم میں نہ کھیل پانے والے فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی پلیئنگ الیون میں واپسی متوقع ہے، لارڈز ویسے بھی حالیہ کچھ عرصے میں ان کیلیے کافی خوش قسمت ثابت ہوا ہے، انھوں نے اس وینیو پر ورلڈ کپ کے 2 میچز کے دوران 9 وکٹیں لیں ہیں۔

دوسری جانب انگلینڈ کے جوفرآ آرچر کا ٹیسٹ ڈیبیو ہوگا، میزبان سائیڈ فوری طور پر پراعتماد آسٹریلوی ٹیم کو قابو کرنا چاہتی ہے، مزید ایک میچ میں ناکامی سیریزمیں اس کی واپسی کا راستہ دشوار بنادے گی۔

تاہم میچ آغاز سے قبل ہی بارش سے متاثر ہوگیا ہے ، مقابلے کے دوران درجہ حرارت 14 سے 17 سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، موسم ابر آلود کنڈیشنز اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ٹاس جیتنے والے کپتان پہلے بولنگ کوترجیح دے سکتے ہیں۔