رائے شماری ہی واحد حل ہے،کشمیر کیلئے جنگ بھی لڑسکتے ہیں،بلاول

281

مظفر آباد،کراچی(اے پی پی+اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ رائے شماری ہی واحد حل ہے‘ کشمیر کے لیے جنگ بھی لڑ سکتے ہیں۔مظفرآباد میں خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہاکہ بھارت نے کشمیرپر ہی نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر حملہ کیاہے اور پوری دنیا کو چیلنج کیاہے،دنیاکو دیکھناہوگا ،مودی نے کشمیر پر تاریخی حملہ کیا ہے، پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی ہم کسی صورت اس پر سمجھوتا نہیں کریں گے ۔مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس کی وجہ سے ہم عید خوشی کے ساتھ نہیں منارہے تاکہ پوری دنیا میں رہنے والے کشمیریوں کو پیغام جائے کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیں کشمیری بھائیوں کے دکھ درد سے خود کو جوڑنا ہوگا۔ان کاکہنا تھا کہ کوئی پاکستانی کشمیر پر سودا برداشت نہیں کرے گا، تمام پاکستانی کشمیر کے مسئلے پر متحد ہیں۔بلاول زرداری نے مزید کہا کہ حکومت کا جو بھی فیصلہ ہو، ہم کشمیر کی جدوجہد چھوڑنے کو تیار نہیں اور ہم کشمیر کاز کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے، حکومت قومی یکجہتی پیدا کرنے کے لیے کردار ادا کرے لہٰذا میں مطالبہ کرتا ہوں کہ حکومت کشمیر کاز کو سنجیدگی سے لے۔انہوں نے کہاکہ حکومتی نمائندے کی آزاد کشمیر میں آنے سے اتحاد کی فضا قائم ہوئی، ہم صرف پیغاموں پر نہیں چل سکتے بلکہ ہمیں عملی اقدام کرنا ہوں گے، ہمیں کشمیریوں کے لیے جنگ بھی لڑنی پڑے تو لڑیں گے لیکن ہمارے حکمران قومی یکجہتی کو ختم کرنے پر ڈٹے ہوئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس کے نظریات کے عین مطابق نسل کشی ہو رہی ہے۔علاوہ ازیں72 ویں یومِ آزادی کے موقعے پر جاری کردہ بیان میں قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے بلاول نے کہا کہ آزادی ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے عظیم نعمت اور بانی اجداد کی جانب سے بیش بہا تحفہ اور لازوال شفقت کا مظہر ہے، جس کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے پرامن سیاسی جدوجہد کی راہ پر چلتے ہوئے قربانیوں کی انتہا کو چھوکر ثابت قدمی کے نئے معیار قائم کیے اور رہتی دنیا کے لیے ایک نئی تاریخ رقم کردی۔پی پی پی چیئرمین نے قائداعظم محمد علی جناح کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت کے بغیر اس ملک کا قیام ناممکن تھا۔ انہوں نے تحریک پاکستان کے دوران جدوجہد اور قربانیاں دینے والے تمام رہنماوَں و کارکنان کو بھی اپنی جانب سے سلام پیش کیا۔ بلاول زرداری نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پوری پاکستانی قوم اور ان کی پارٹی اپنے کشمیری بہن بہائیوں کی جدوجہد میں ان ساتھ ہے اور ان کی جدوجہد کی کامیابی تک ان کی حمایت کرتے رہیں گے۔