بھارت میں ہٹلر طرز حکومت قائم ہے، وزیر داخلہ اعجاز شاہ

1018

اسلام آباد/ ننکانہ صاحب (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ اکھنڈ بھارت کا نعرہ صرف ہندوؤں کے لیے لگایا جا تا ہے، بھارت میں ہٹلر طرز کی حکومت ہے جبکہ پاکستان اقلیتوں کے لیے کسی جنت سے کم نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال ننکانہ صاحب میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سکھ، مسیحی اور ہندو رہنماؤں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم انتہائی قابل مذمت ہیں۔ بھارت میں سکھوں، مسلمانوں اور مسیحیوں کے ساتھ ہمیشہ سے امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان اور ملکی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان پیار، امن اور مساوات کا درس دینے والے بابا گورو نانک کی دھرتی ہے جن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو اس دنیا کو امن کا گہوارا بنایا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انصاف کی بالا دستی قائم ہونے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ افسوس ہم قیام پاکستان کا مقصد بھول گئے ہیں، ہم سب کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ایمانداری سے ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں عیدالاضحیٰ پر وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجا منصور احمد کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کا دورہ کای۔ ایمرجنسی سمیت مختلف وارڈز میں مریضوں کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں میں مٹھائی اور کھانا بھی تقسیم کیا۔ مریضوں اور لواحقین سے دستیاب طبی سہولیات کے بارے میں پوچھا۔ انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شکیل کی غیر حاضری پر سیکرٹری ہیلتھ کو رپورٹ کریں۔