انجینئر افتخار چودھری کے اعزاز میں تقریب

487

سعودی کاروباری شخصیت عزت اسماعیل نے پاکستان سے آئے ہوئے تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات انجینئر افتخار چودھری کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں شاندار عشائیہ دیا جس میں سعودی اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انجینئر افتخار چودھری نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے، وہ چاہتا ہے کہ خطے میں ترقی ہو لیکن افسوس ہے کہ بھارت اپنے غاصبانہ رویے سے خطے کا امن خراب کر رہا ہے۔ کشمیر میں حالیہ اقدامات سے بے چینی بڑھی ہے اور بھارت وہاں وہی کچھ کرنے جا رہا ہے جو اسرائیل نے فلسطین میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے خون سے آزادی حاصل کر رہے ہیں امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے۔
انجینئر افتخار چودھری نے وادی ہنزہ کے مناظر پر بنی فلم بھی حاضرین کو دکھائی اور انہیں دعوت دی کے وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب بدل چکا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی درازی عمر کی دعا بھی کرائی اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے انقلابی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے امن، حرمین کی حفاظت اور حجاج کرام کے لیے جو خدمات انجام دی جا رہی ہیں اس پر بھی وہ سعودی قیادت کے شکرگزار ہیں۔
تقریب کے میزبان عزت اسماعیل نے مہمان کا شکریہ ادا کیا اور دیگر شرکا کا تعارف کرایا۔ تقریب میں فہد المنصوری سابق نائب سفیر سوڈان، سمیر بن جمیل قطب معاون خصوصی عبدالعزیز بن فیصل بن سعودآل سعود، ملک محی الدین، حسن شورنبجی، شکیل گجر اور سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی مقبول تنظیم حلقہ یاران وطن کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ تقریب رات گئے تک جاری رہی۔ آخر میں دعا کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔
سعودی عمرہ پالیسی برائے 1441ھ
سعودی حکومت کی جانب سے نئے ہجری سال 1441ھ کے لیے عمرہ ویزا پالیسی کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق رواں برس 15 ذوالحج سے ویزوں کا اجرا شروع کر دیا جائے گا جو کہ 14 شوال 1441ھ تک بلا توقف جاری رہے گا۔ پاکستان سے عمرہ زائرین یکم محرم سے 29 شوال 1441ھ تک عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جا سکیںگے۔
سعودی حکومت کی جانب سے وزارتِ حج و عمرہ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ وزارتِ حج و العمرہ کے مطابق یہ فیصلہ سعودی وژن 2030ء کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد اللہ کی رضا کے لیے زائرین، عمرہ کے لیے آنے والوں اور عازمین حج کی خدمات میں بہتری لانا ہے۔