صنعتوں کا فروغ ملک کے معاشی بحران کا واحد حل ہے، دانش خان

70

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر دانش خان نے کہا ہے کہ صنعتوں کا فروغ ملک کے معاشی بحران کا واحد حل ہے، اس کے ایس ایم ای سیکٹرکو توانائی اور کاروباری قرضوں تک با سہولت رسائی فراہم کرنا ہوگی، بصورت دیگر ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے کے امکانات کے ساتھ نئی صنعتوں کا قیام ناممکن ہوجائے گا، صنعتی پیداوار کا شعبہ تقریبا 12فیصد تک سکڑ گیا ہے اور مجموعی پیدوار میں تقریباً ساڑھے تین فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے،روپے کی گرتی ہوئی قدر اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں اضافہ صنعتوں کی پیداواری لاگت اور سرمایہ کاری پر منفی اثر ڈال سکتا ہے، اگر حالات پر قابو نہیں پایا گیا تو ایس ایم ای اور صنعتی شعبے تباہ ہوجائیں گے۔دانش خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت نے برآمدات میں اضافے کے لیے مثبت اقدامات کیے ہیں تاہم پالیسی سازی کی سطح پر پیداواری لاگت میں کمی اور ملکی صنعت کو عالمی مارکیٹ میں مسابقت کے قابل بنانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری قرضوں کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ دانش خان کا کہنا تھا کہ درمیانے اور چھوٹے درجے کے کاروبار کو توانائی اور کاروباری قرضوں تک کی با سہولت رسائی فراہم کرنے سے برآمدات میں اضافے اور روزگار کی فراہمی کے اہداف حاصل ہوسکتے ہیں۔