کے الیکٹرک کے سربراہان کیخلاف قتل کا مقدمہ چلایا جائے، حافظ نعیم

328

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ میئر کراچی نے کے الیکٹرک کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے ،کے الیکٹرک کے سربراہان مونس علوی ، عارف نقوی اور اکرام سہگل کے خلاف قتل کا مقدمہ بھی چلایا جائے،ہم چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی بھی متحرک ہوں اور کے الیکٹرک کے خلاف آواز بلند کریں ۔شہر کی ابتر صورتحال کی کوئی ذمے داری قبول کرنے کے لیے تیار نہیں
ہے ،صرف فوٹو سیشن کے لیے چند مقامات سے الائشیں اٹھانے کی تصویریں سوشل میڈیا پر چلائی جارہی ہیں ،شہر کے اکثر و بیشتر مقامات پر الائشیں ،جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر جمع ہیں ، جس سے تعفن اٹھ رہا ہے،سندھ حکومت کو 90فیصد ریونیو دینے والے شہر کو یرغمال بنا کررکھ دیا گیا ہے ،کرپشن کے علاوہ سندھ حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت کے تحت ضلع شرقی ، ضلع وسطی اورضلع شمالی میں اجتماعی قربانی کے انتظامات کا جائزہ و دورہ ، شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال،کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں اور مرکزی ،صوبائی وشہری حکومتوں کی بے حسی کے حوالے سے گلشن اقبال ، واجد اسکوائر پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر ضلع وسطی منعم ظفر خان ،قیم ضلع انجم رفعت اللہ امیر ضلع شمالی محمد یوسف ،قیم ضلع شرقی ڈاکٹر فواد،نعیم اختر ،علاقہ گلشن اقبال کے ناظم خضر باقی ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ،چیف ایگزیکٹیو الخدمت سلیم اظہر ودیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے ڈیفنس خیابان شہباز میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی ، لواحقین اوراہل خانہ سے ملاقات ، مرحومین کے لیے مغفرت ولواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ الخدمت کے تحت پورے شہر میں 100سے زائد مقامات پر اجتماعی قربانی کی جارہی ہے ،الحمد للہ کراچی کے شہری الخدمت اور جماعت اسلامی کے رضاکاروں پر اعتماد کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم گزشتہ کئی برسوںسے حکومتوں میں ساتھ رہی ہیں ، میئر کراچی کا پریس کانفرنس میں کہنا کہ میں بے بس ہوں انتہائی افسوسناک بیا ن ہے ،حالیہ بارش میں کے الیکٹرک کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے 40مزید اموات ہوئیں اور عید سے ایک دن پہلے ڈیفنس میں3 نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے ہیں ۔یہ خوش آئند بات ہے کہ میئر کراچی نے کے الیکٹرک کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے لیکن کے الیکٹرک کے سربراہان مونس علوی ، عارف نقوی اور اکرام سہگل کے خلاف قتل کا مقدمہ بھی چلایاجائے ،ہم چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی بھی متحرک ہوں اور کے الیکٹرک کے خلاف آواز بلند کریں ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ الخدمت 7سیکٹر زمیں رضاکارانہ طور پرکام کررہی ہے ،کفالت یتامیٰ ،استپال ،اسکولز سمیت دیگر سیکٹرز میں اپنے فرائض انجام دے رہی ہے ۔