وزیراعلیٰ پختونخوا کا لوئر دیر کا پہلا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

247

پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد پہلی دفعہ دیر لوئر کا دورہ ایک روزہ دورے کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا،انہوںنے کہا کہ 3 مہینے بعد پورے صوبے میں ہر شہری کو صحت سہولت کا رڈ کے ذریعے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی جس سے دیر لوئر کے تمام عوام مستفید ہو سکیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے تیمر گرہ میڈیکل کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کیلیے کئی ترقیاتی پیکجز کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے تیمر گرہ کے قریب خیمہ کے مقام پر ویمن پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کیا جس میں خواتین کیلیے بنیادی کورسز اور ٹیکنالوجیز سہولیات میسر ہوں گی اور مذکورہ انسٹی ٹیوٹ پورے صوبے میں اپنی نوعیت کا تیسرا ادارہ ہے۔ انہوںنے انسٹی ٹیوٹ میں پودا لگا کر کلین اینڈ گرین شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے رانی کے مقام پر نو تعمیر شدہ تیمرگرہ میڈیکل کالج میں اکیڈمک بلاک اور محمود خان کانفرنس ہال کا بھی
افتتاح کیا۔ انہوںنے اس موقع پر یقین دلایا کہ مذکورہ کالج کو جلد بحال کرنے کیلیے باقی ماندہ فنڈ بھی جلد فراہم کیے جائیں گے تاکہ اگلے سال اس میں کلاسز کا آغاز یقینی ہوسکے۔ وزیراعلیٰ نے بلمبٹ میں ڈپٹی کمشنر لوئر دیر کے نئے دفتر کا بھی افتتاح کیا جبکہ تیمر گرہ سٹی میں ضلعی سطح پر ریسکیو 1122 کے سینٹر کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ وزیراعلیٰ نے دیر لوئر میں بن شاہی لڑم ٹاپ اور دیگر پرفضاء اور سیاحتی مقامات کی ترقی اور علاقہ میدان میں کیٹگری سی اسپتال، ایک کالج، تحصیل کمپلیکس و بازار کی تزئین و آرائش کے منصوبوں کی بھی منظوری دی جبکہ کوٹو کے مقام پر ایک پل کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے تیمر گرہ دیر لوئر میں عبدالولی خان یونیورسٹی کے کیمپس کو ایک مکمل یونیورسٹی کی حیثیت دینے، تیمرگرہ ہیڈکوارٹر اسپتال کو کیٹگری A کا درجہ دینے اور دیر لوئر میں اراضیات کی سیٹلمنٹ (بندوبست) کے مسئلے کو حل کرنے کا اعلان بھی کیا اور یہ بھی یقین دلایا ہے کہ چکدرہ تا چترال مین شاہراہ سی پیک کا حصہ ہے اور اس پر بہت جلد کام شروع کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیر کے 3 حلقوں کو یکساں طور پر فائدہ دینے والا منصوبہ گوپلم ایری گیشن اسکیم پی ایس ڈی پی میں بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل ادنیزئی میں چکدرہ بائی پاس روڈ اور سانام ڈیم منظور شدہ منصوبے ہیں جبکہ وہاں پر انڈسٹریل زون کے قیام کیلیے کوشش کی جائے گی کیونکہ صنعتی ترقی کے ذریعے نوجوان نسل کو روزگار سے آراستہ کیا جا سکتا ہے۔
محمود خان