یوم آزادی پر قومی پرچم کیساتھ کشمیر کا پرچم بھی لہرایا جائے، فردوس عاشق

530
سیالکوٹ: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اسپورٹس سینٹر کا افتتاح کررہی ہیں
سیالکوٹ: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اسپورٹس سینٹر کا افتتاح کررہی ہیں

 

اسلام آباد ( خبرایجنسیاں) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یوم آزادی پر قومی پرچم کے ساتھ کشمیرکا پرچم بھی لہرایا جائے‘ کشمیر آج 26 اکتوبر1947ء کی پوزیشن پر ہے‘ چین دنیا کی ابھرتی ہوئی طاقت ہے‘ مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں پاکستان کے موقف کی تائید پر ہم اپنے سدا بہار دوست ملک کا شکریہ ادا کر تے ہیں‘ اقوام
متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دو ٹوک بیان کہ بھارت کشمیر کی حیثیت بدلنے سے باز رہے، پاکستان کے موقف کی ترجمانی ہے‘ مسئلہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت ہونا چاہیے‘ مودی کا حالیہ اقدام جمہوریت اور بین الاقوامی قوانین پر کھلا حملہ ہے‘ مودی رواں صدی کا ہٹلر ہے‘ بھارت نے وادی کو جیل بنا دیا‘ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔ سیالکوٹ میں پریس کانفرنس اور اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہرانے ساتھ ساتھ کشمیر کا پرچم بھی لہرائے‘ اس مرتبہ یوم آزادی یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جا رہا ہے‘ ہم 15 اگست کو یوم سیاہ بنائیں گے‘ ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے اور اپنی فیکٹریوں اور گھروں پر سیاہ پرچم لہرائیں گے‘ سیالکوٹ کشمیریوں کے دفاع کی پہلی لکیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی نے اپنے اقدام سے ہٹلر ہونے کا ثبوت دیا ہے‘ پاکستان سلامتی کونسل میں کشمیریوں کا مقدمہ لے کر جا رہا ہے کیونکہ جن کے ساتھ دہشت گردی ہو رہی ہے انہیں ہی دہشت گرد بنا کر پیش کیا جا رہا ہے‘بھارت نے پورے کشمیر کو جیل بنا دیا ہے، وہاں ہر گھر میں موجود ہر کشمیری پاکستان کی طرف حسرت سے دیکھ رہا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر پاکستانی اپنے پرچم کے ساتھ کشمیر کا جھنڈا بھی لہرائے گا کیونکہ کشمیر اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ لازم و ملزوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو ماننے والے کبھی بھی کشمیر سے علیحدہ نہیں رہ سکتے‘ اگر کشمیر سے خون رِس رہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ پاکستان کے وجود سے خون رِس رہا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک سے سامراجی نظام کو ختم کرنا ہی عمران خان کی فتح ہے اور اس نظام کے بیانیے کو بھی شکست دیں گے۔