حج کے دوران کوئی وبائی کیس سامنے نہیں آیا‘ سعودی وزارت صحت

677
مکہ مکرمہ: ادارۂ حرمین شریفین اور کسوہ کمپنی کا عملہ بیت اللہ کا غلاف تبدیل کررہا ہے
مکہ مکرمہ: ادارۂ حرمین شریفین اور کسوہ کمپنی کا عملہ بیت اللہ کا غلاف تبدیل کررہا ہے

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی وزارت صحت کے سرکاری ترجمان ڈاکٹر محمد عبد العالی نے کہا ہے کہ رواں برس حجاج کرام کی عمومی صحت کی صورت حال اطمینان بخش رہی اور کوئی وبائی کیس سامنے نہیں آیا۔ 20 ہزار سے زائد عازمین حج کو ہنگامی خدمات فراہم کی گئیں۔ بیرونی ڈسپنسریوں میں 4617 حجاج کی دیکھ بھال کی گئی جبکہ دیگر طبی مراکز میں ایک لاکھ سے زیادہ حجاج کو علاج کی سہولت دی گئی۔ اس کے علاوہ موبائل کلینکس میں 7500 مرد اور خواتین حجاج کا علاج کیا گیا۔ وزارت صحت کے مطابق جو مریض عمومی ٹرانسپورٹ کے ذریعے سفر نہیں کر سکتے، انہیں خصوصی گاڑیوں کے ذریعے مناسک حج کے لیے لے جایا گیا۔
غلافِ کعبہ تبدیل‘ شیخ سدیس کی زیرقیادت 160 اہل کار شریک
مکہ مکرمہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ہر سال کی طرح رواں برس بھی 9 ذوالحج کو خانہ کعبہ کا غلاف ’’کسوہ‘‘ تبدیل کردیا گیا۔ حرمین شریفین کے امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس کی نگرانی میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب غلاف کعبہ تبدیل کرنے کے لیے 160 اہلکار موجود تھے۔ نیا غلافِ کعبہ 4 برابر پٹیوں اور دروازے کے پردے پر مشتمل ہے۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی کے موقع پر شیخ عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمارے مبارک وطن کو ایسی مخلص قیادت عطا فرمائی جس کے لیے بیت اللہ، حرمین شریفین اور اس کے زائرین اور مقامات مقدسہ کی خدمت اولین ترجیح ہے۔