مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

322

مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی جماعت نیشنل کانفرنس نے مقبوضہ وادی سے متعلق مودی حکومت کا اقدام بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عمر عبداللہ کی جماعت نیشنل کانفرنس کے ایم پی اکبر لون اور حسنین مسعودی کی جانب سے بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔

نیشنل کانفرنس نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہےکہ بھارت کی مرکزی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور اسے دو یونین میں تقسیم کرنے کا اقدام غیر قانونی ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق کشمیری وکیل شاکر شبیر کی جانب سے بھی سپریم کورٹ میں مودی حکومت کے اقدام کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق صدارتی حکم نامے کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔