غیرملکی ایجنسیاں سی پیک کو ناکام بنانا چاہتی ہیں‘ریئرایڈمرل ذکا الرحمن

251

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹرجنرل پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی ریئرایڈمرل ذکا الرحمان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کوناکام بنانے اورپاکستان کوغیرمستحکم کرنے کیلیے کئی غیرملکی ایجنسیاں متحرک ہیں۔ سمندری حدودمیں غیر قانونی ماہی گیری،اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام اولین ترجیح ہے ،ایم ایس اے نے تمام کشتیوں پر”ویسل مانیٹرنگ سسٹم”لگوانے کا بیڑا اٹھا رکھاہے ۔ایم ایس اے سمندرمیں قانون نافذ کرنے والی ملک کی واحد ایجنسی ہے جوپیشہ ورانہ ذمے داریوں کیلیے ہمہ وقت تیارہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ریئرایڈمرل ذکاء الرحمن نے کہا کہ ایم ایس اے سمندرمیں قانون نافذ کرنے والی ملک کی واحد ایجنسی ہے جوپیشہ ورانہ ذمے داریوں کیلیے ہمہ وقت تیارہے ۔گزشتہ چندبرسوں میں متعدد آپریشن کے دوران اربوں روپے کی منشیات،ڈیزل اورممنوع اشیا کی اسمگلنگ کوناکام بنایاگیا ہے ۔غیرقانونی ماہی گیری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سیکڑوں غیرملکی کشتیاں اورماہی گیروں کو تحویل میں لیاجبکہ سمندرمیں سرچ اینڈریسکیو کرتے ہوئے سیکڑوں کشتیوں اورماہی گیروں کومحفوظ مقام پرمنتقل کیا گیا ۔انہوںنے کہا کہ سمندری آلودگی کی روک تھام کیلیے ہرسال بارہ کوڈا مشقوں کا انعقادکیاجاتاہے ۔ گزشتہ برس بارہ کوڈا مشق میں20ممالک کے مندوبین اور ماہرین نے شرکت کی۔ اس سال دسمبر میں بارہ کوڈا مشق کا انعقاد کیاجائے گا۔