آزاد کشمیر میں جلا وطن حکومت قائم کی جائے، جماعت اسلامی

670
فیصل آباد: جماعت اسلامی کے تحت کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی جارہی ہے
فیصل آباد: جماعت اسلامی کے تحت کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی جارہی ہے

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ تحریک حریت کشمیر سے مشاورت کے بعد آزاد کشمیر میں کشمیریوں کی جلا وطن حکومت قائم کر کے پوری دنیا سے کشمیریوں کی قیادت کو اس حکومت میں شامل کیا جائے اور فوری طور پرعالمی برادری سے اس حکومت کو تسلیم کرنے کی اپیل کی جائے ۔ حکومت پاکستان کشمیر کا مقدمہ کشمیریوں کے حوالے کر دے کیونکہ کشمیری اور پاکستانی قوم کو ان حکمرانوں سے کوئی امید نہیں ۔ پاکستانی حکمران پہلے بھی کشمیریوں کا مقدمہ بیچتے رہے ہیں ۔ کشمیر اب ایک متنازع نہیں جنگ زدہ علاقہ ہے اور اقوام متحدہ کا چارٹر جنگ زدہ علاقے کو ہر طرح کی مدد دینے کا پابند کرتاہے ۔ اب بھارت کے مقابلے میں صرف پاکستان اور کشمیر نہیں بلکہ امن اور انصاف پسند دنیا فریق ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پریس کلب کے سامنے کیے گئے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مظاہرین سے امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری اور جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔ امیر العظیم نے کہاکہ دنیا کے ہر امن پسند کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مظلوم کشمیریوں کی مدد کرنا ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی فوج اب تک جو تیاریاں کر چکی ہے وہ تمام تیاریاں افواج پاکستان کو بھی کرنا ہو ں گی ۔ ہمیں اب ایک لمبی جدوجہد کے لیے تیار رہنا چاہیے ۔ اگر ہم نے کشمیر کی جلا وطن حکومت کو پوری طرح فعال کر لیا تو دنیا اسے تسلیم کرے گی اور پھر بھارت میں خالصتان سمیت آزادی کی دوسری تحریکیں بھی کامیاب ہوں گی۔ انہوںنے کہاکہ حکمرانوں کی شٹل ڈپلومیسی او آئی سی اوریو این او کے اجلاس بلانے اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں لمبی لمبی تقریروں کا کشمیریوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔ اگر حکمرانوں نے کوئی عملی قدم نہ اٹھایا تو دنیا ان کی بات نہیں سنے گی ۔ دنیا کمزور کے نہیں ،طاقتور کے پیچھے چلتی ہے۔ اپنے آپ کو منوانے اور دنیا کو اپنی بات سنانے کے لیے کوئی بڑا قدم اٹھانا پڑے گا ۔