عمران خان تو مودی کی کامیابی کے لیے دعا گو تھے، بلاول

353

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان تو مودی کی کامیابی کے لیے دعا گو تھے۔ کشمیر کے معاملے پر وزیراعظم کی خاموشی مایوس کن اور صرف ٹوئٹ کافی نہیں ہے۔بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے معاملے پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں بلاول زرداری نے آصف زرداری و دیگر ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر اسپیکر کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی 3 ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی، تمام سیاسی قیادت کو قید کردیا گیا ہے۔ مودی آگ سے کھیل رہا ہے اور بھارت کے اس اقدام کو نہ کشمیر مانتا ہے نہ پاکستان۔ان کا کہنا ہے کہ ایک قلم کی جنبش سے بھارت نے ایک پینڈورا باکس کھول دیا ہے۔ بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے لیکن ہم کشمیری بہن بھائیوں کی چیخ ، پکار پر خاموش نہیں رہیں گے۔بلاول زرداری نے کہا کہ مودی نفرت کے مینڈیٹ کے ساتھ آیا ہے لیکن حیران کن ہے کہ مودی کی کامیابی کیلیے ہمارے وزیراعظم دعاگو تھے۔ بھارت نے صرف حریت نہیں اس کشمیری قیادت کو بھی گرفتار کرلیا جو الیکشن میں حصہ لیتی تھی۔پی پی چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ سے رابطہ کرے اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا خصوصی اجلاس منعقد کروائے۔ دنیا کو پیغام جانا چاہیے کہ مسلم دنیا کشمیر پر ایک ساتھ ہے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی اجلاس سے غیر حاضری پر بلاول نے کہا کہ کون کشمیر کیلیے بولے گا؟ وزیرخارجہ ملک میں موجود نہیں لہٰذا شیریں مزاری کو وزیر خارجہ بنا دیں۔ان کا کہنا تھا کہ تاریخ ہم سے پوچھے گی کہ ہم کہاں تھے جب کشمیر پر کلسٹر بم برسائے جارہے تھے؟ تاریخ پوچھے گی کہ کشمیر کا اسٹیٹس بدلا جارہا تھا تو ہم کہاں تھے،کیوں مجرمانہ خاموشی ہے؟انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر وزیراعظم کی خاموشی مایوس کن ہے اور ان کی ٹوئٹ کافی نہیں ہے۔ امید ہے عمران خان لیڈر شپ دکھائیں گے اور ہم اس قیادت کی حمایت کریں گے۔