عمران خان نے کشمیر کو ٹرمپ کے ہاتھوں بیچ دیا ہے، فضل الرحمن

65

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کشمیر کو ٹرمپ کے ہاتھوں بیچ دیا ہے اور امریکا سے بھی خالی ہاتھ آگئے۔اسلام آباد میں کشمیر کی صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے جو کچھ بھی کیا یہ اچانک نہیں ہوا۔ نریندرا مودی نے انتخابی مہم میں کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کا کہا تھا اور گزشتہ انتخابات میں مودی کی پارٹی بی جے پی کا یہ واضح منشور بھی تھا۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا معاملہ اب عالمی فورم سے نکل گیا ہے۔ بھارت عالمی قراردادوں کو رد کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر کشمیر کو ہندوستان کے جغرافیہ میں داخل کرلیا اور ہمارے حکمران تماشا دیکھتے رہے۔ اب بھی مسئلہ کشمیر پر ہماری حکومت سنجیدہ نہیں نظر آرہی۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں بھی مسئلہ کشمیر پر حکومت کی پالیسی کی حمایت کی گئی حالانکہ حکومت کی ابھی تک کوئی پالیسی واضح نہیں ہے۔ سلیکٹیڈ وزیراعظم بھی مسئلہ کشمیر پر خاموش ہیں۔سربراہ جے یو آئی نے وزیراعظم عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کشمیر کو ٹرمپ کے ہاتھوں بیچ دیا ہے۔ سلیکٹیڈ وزیراعظم ٹرمپ کے پاس سے بھی خالی ہاتھ واپس لوٹ کر آئے۔ سر نڈر ہونا عمران خان کے خاندان کا خاندانی معاملہ ہے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ عوام کی نمائندہ حکومت نہیں ہے اس لیے ان سے امید کی بھی توقع نہیں ہے۔ میں قوم سے گزارش کروگا یہ ہمارا متحد ہونے کا وقت ہے۔ آزادی کی جنگ میں ہمیں کشمیریوں کی مدد کرنی چاہیے۔ قوم نے براہ راست کشمیریوں کو یقین دلانا ہے کہ ہم ان کے ساتھ ہیں۔