عالمی برادری بہر صورت متنازع بھارتی اقدام کا نوٹس لے، عثمان بزدار

251

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو اب بہر صورت بیدار ہونا پڑے گا اور بھارت کے متنازع اقدام کا نوٹس لینا ہوگا، مودی سرکار نے طاقت کے نشے میں آرٹیکل 370 کا خاتمہ کرکے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالا ہے، اس غیر قانونی اقدام سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی ہیں اور مودی سرکار کا یہ فیصلہ انسانی حقوق پر کھلم کھلا حملہ ہے۔ مودی سرکار کا یہ متنازع اقدام پاگل پن ہے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا، بھارت نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت سے انحراف کیا ہے، مودی سرکار کو نہتے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار نے ایک بار پھر خطے میں امن کو دائو پر لگا دیا ہے اور بھارتی اقدام سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مزید خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر متنازع علاقہ ہے اور پاکستانی قوم کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیری بھائیوں کا ساتھ دیں گے۔