امریکا، طالبان مذاکرات 13 اگست کو طے پا جائیں گے، زاہد نصراللہ

242

کابل (صباح نیوز) افغانستان میں پاکستان کے سفیر زاہد نصراللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان جاری امن مذاکرات کے حتمی سمجھوتے پر دستخط 13 اگست کو متوقع ہیں۔ زاہد نصراللہ نے امریکی نشریاتی ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے 13 اگست کو حتمی سمجھوتا طے پا جانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس سے قبل افغان طالبان نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ امریکا کے ساتھ جاری امن مذاکرات میں افغانستان سے غیر ملکی فوج کے انخلا کے معاملے پر اختلافات دور ہوگئے ہیں۔ مذاکرات کے دوران طالبان نے بھی امریکا کو یہ یقین دہانی کرا دی ہے کہ وہ انتہا پسند تنظیموں کے ساتھ روابط ختم کردیں گے۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کے ایک اہم رہنما نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس پیش رفت سے آگاہ کیا ہے۔ گزشتہ 2 روز سے قطر کے دارالحکومت دوحا میں امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ مذاکرات کا یہ آٹھواں دور ہے جسے انتہائی اہم اور فیصلہ کن قرار دیا جا رہا ہے۔