احتساب عدالت نے آصف ہاشمی کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی

198

لاہور (نمائندہ جسارت)لاہور احتساب عدالت نے777 افراد کو میرٹ کے برخلاف بھرتی کرنے کے مقدمے میں سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید آصف ہاشمی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 19 ستمبر تک توسیع کردی۔ دریں اثنااحتساب عدالت نے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کرپشن کیس میں ملوث ملزم اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسپورٹس بورڈ محمد ظہور کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا‘ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے ملزم کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ من پسند کمپنیوں کو ٹھیکے دیتے ہوئے پیپرا رولز کی خلاف ورزی کی گئی۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے خلاف آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس کی مزید کارروائی20 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر احد چیمہ سمیت گواہان کو طلب کر لیا۔ دریں اثنا احتساب عدالت نے آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں پنجاب پولیس کے ایس ایس پی سید جنید ارشد کے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے اس کو دوبارہ 20 اگست کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے‘ نیب تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم جنید ارشد نے دوران ملازمت مبینہ طور پر اختیارات اور عہدے کے ناجائز استعمال سے کروڑوں روپے کے اثاثے بنائے گئے۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت نے ریلوے سگنل سسٹم کی تنصیبمیں کرپشن کے متعلق مقدمے میں 5 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روزہ توسیع کر دی۔