ہم کشمیر کو فلسطین اور خطے میں نیا اسرائیل نہیں بننے دئنگے، شہباز شریف

224
اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف قومی اسمبلی میں خطاب کررہے ہیں
اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف قومی اسمبلی میں خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(آن لائن )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے پاکستان کی شہ رگ پر ہاتھ ڈالا ہے، ہم کشمیر کو فلسطین نہیں بننے دیں اور نہ ہی اس خطے میں ایک اسرائیل بننے دیں گے۔مودی سرکار نے صرف کشمیریوں کے حقوق نہیں چھینے، پاکستان کی غیرت اور عزت کو للکارا ہے۔پاکستان کے پاس جھکنے کا کوئی راستہ نہیں، اب کشمیریوں کے لیے ڈٹ جانے کا وقت آگیا ہے۔بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو نیم خودمختاری دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کے حوالے سے طلب کیے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مودی سرکار نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ رسید کیا ہے، اب روایتی اور متفقہ قرار داد سے بات نہیں بنے گی ہمیں ٹھوس فیصلے کرنا ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس جھکنے کا کوئی راستہ نہیں، اب کشمیریوں کے لیے ڈٹ جانے کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اسپیشل اسٹیٹس کو مودی سرکار نے ختم کرکے مکمل غاصبانہ قبضہ کرلیا ہے، یہ وہ عظیم سانحہ ہے جس کا براہ راست پاکستان کی زندگی سے تعلق ہے۔قائد حزب اختلاف نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کو 48 گھنٹے ہوگئے ، حکومتی پالیسی کہاں ہے؟انہوں نے کہا کہ آج کہیں سے ہماری حمایت میں ایک لفظ نہیں آیا ، کیا یہ تنہائی اور خارجہ پالیسی کی ناکامی نہیں ہے؟ انہوں نے کہا کہ “یہ کون سی ڈیل ہے کہ ہم افغانستان میں امن کا اسٹیج سجائیں اور کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جائے ؟ بتایا جائے یہ امریکی صدر کا ٹرمپ کارڈ تھا یا ٹریپ کارڈ تھا۔”انہوں نے کہا کہ ہمیں تو انتظار تھا کہ وزیراعظم آج قوم کو اعتماد میں لیں گے اور حقائق سامنے رکھیں گے لیکن وزیراعظم تاریخ کی بات کرتے رہے۔شہباز شریف نے وزیراعظم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ “ہم اس تنازع میں فریق ہیں نہ پیچھے ہٹیں گے نہ کسی کو ہٹنے دیں گے۔”ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور آخری دم تک جائیں گے۔