پاکستان نے بھارتی کاغذی کارروائی کو مستردیا ہے‘فردوس عاشق

193

اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی بھارت کی مکروہ کاغذی کارروائی کو مسترد کرتا ہے، مودی سرکاری نے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالاہے، پاکستان کشمیریوںکوتنہا نہیں چھوڑے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ممتاز حریت رہنمامشعال ملک کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت اور عوام کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، دنیا کی کوئی طاقت کشمیرسے ہم کو جدا نہیں کر سکتی، بھارت خطے کا امن تباہ کردے گا، کوئی بھی ملک بھارتی جارحانہ اقدام کی حمایت نہیں کرتا۔ معاون خصوصی مشعال ملک سے اظہار یکجہتی کے لیے ان کے گھر گئیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری حیرت پسندوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر سلامتی کونسل میں اٹھایا جانا چاہیے۔علاوہ ازیںگزشتہ روز پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق نے کہا کہ موجودہ حالات میں کشمیر کا ہر شخص پاکستان اور پاکستان کی پارلیمنٹ کی طرف دیکھ رہا ہے۔ بحیثیت قوم کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کرتے ہوئے پیغام دینا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کے ساتھ ہے، کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گھروں کے باہر 10،10بھارتی فوجی کھڑے کردیے گئے ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تعینات اپنے فوجیوں کی تعداد میں ایک لاکھ 17 ہزار کا اضافہ کر دیا ہے ۔