ڈیسکون میں صحت و سلامتی کا پروگرام

222

25 جولائی 2019ء کو فوجی فائونڈیشن ونڈ انرجی گھارو کے پلانٹ پر آپریشن اور مینٹینس کنٹریکٹر ڈیسکون پاور سلوشنز کے زیر اہتمام سیفٹی ویک 2019ء منعقد کیا گیا۔ جس میں فوجی فائونڈیشن ونڈ انرجی کے جی ایم کرنل (ر) مشتاق حسین ڈار، پلانٹ منیجر فائونڈیشن ونڈ انرجی کامران اشرف اور روزنامہ جسارت سے قاضی سراج نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ QEHS ڈیسکون پاور سلوشنز سربراہ وقار حسین نے 2018ء کے سیفٹی ویک کی طرح اس سال 2019ء کے سیفٹی ویک میں بھی وہ سرگرمیاں منعقد کی ہیں جن سے ورکرز کی تربیت کی جاسکے اور ان میں پیشہ ورانہ صحت اور حفاظت کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے۔ اس موقع پر ہیڈ QEHS کا پیغام ورکرز تک پہنچایا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ کوئی کام اتنا اہم نہیں ہے کہ سیفٹی کے اصولوں اور طریقوں کو چھوڑ کر کام سرانجام دیا جائے۔ سیفٹی ویک کے آخری دن فائونڈیشن ونڈ انرجی کے جی ایم پلانٹس نے حادثات کی وجوہات کی تحقیقات کی اہمیت پر خصوصی روشنی ڈالی۔ ڈیسکون پاور سلوشنز کے پلانٹ منیجر سلیم سنجر نے ورکرز سے بات کرتے ہوئے سمجھایا کہ ہمیشہ محفوظ کام کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ صحافی قاضی سراج نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کرنا بہت ضروری ہیں۔ مزدور برادری کام کے دوران اپنی جان کا تحفظ کرے۔ پروگرام میں ہر ہر سرگرمی کے اختتام پر سیفٹی ویک 2019ء کا نعرہ ’’محفوظ سوچو، محفوظ کام کرو، محفوظ رہو‘‘ بلند کیا گیا۔ اس موقع پر 50 نئے پودے لگائے گئے، کیمیکل بہنے کی ڈرل کروائی گئی، سیکورٹی کی ڈرل کروائی گئی، ہائوس کیپنگ کروائی گئی، خطرات کی نشاندہی کا مقابلہ کروایا گیا، فل باڈی ہارنس کا استعمال کی مشق، پرمٹ ٹو ورک اور LOTO کی مشق کروائی گئی، انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔