بھارت کے ساتھ پرانے حساب بھی چکانے ہیں۔ راجہ فاروق حیدر

640
آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر

آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ ہندوستان کشمیر کی خالص تحریک کو بیرونی تحریک قرار دینے کی کوشش کررہا ہے۔ ہندوستان اگر 35اے کو ختم کرتا ہے تو مہاراجہ کے مبینہ معاہدے کی بھی کوئی حیثیت نہیں رہے گی، ہمیں دفعہ 370 کے خاتمے سے کوئی لینا دینا نہیں، یہ ہندوستان کے آئین کا حصہ ہے، ہم ہندوستان کے آئین کو ہی نہیں مانتے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کشمیری وزراء کے ہمراہ سیاہ پٹیاں باندھ کر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 35اے ریاست کے مہاراجہ نے اپنے لوگوں کے تحفظ کے لیے بنایا تھا، احتجاج ریاست کی تقسیم پر ہے، ہندوستان نے ایل او سی پر کلسٹر بموں کا استعمال کیا، وہ آزاد کشمیر میں موجود ڈیموں کو نشانہ بنانا چاہتا ہے، ہندوستان کشمیر میں ہونے والے ظلم کو دبانے کے لیے ایل او سی پر فائرنگ کرتا ہے اور پھر خود پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ کرتا ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر مکمل یقین ہے، پاکستانی فوج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی اہلیت رکھتی ہے، پاک فوج پر پورا اعتماد ہے، پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہےآزاد کشمیر کا بچہ بچہ پاک فوج کیساتھ ہے۔ بھارت کے ساتھ پرانے حساب بھی چکانے ہیں۔ کشمیر کو بھارتی فوج کا قبرستان بنائیں گے۔ نریندر مودی جو کارروائیاں کر رہا ہے اس سے مسئلہ کشمیر ختم نہیں ہوگا۔ بھارتی حکام کو سمجھ میں نہیں آ رہا کہ انہیں کشمیر میں کیا اقدام کرنا ہے۔

آزادکشمیر کے وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے، میں امریکہ جا رہا ہوں وہاں ہندوستان کی جارحیت کو دنیا کے سامنے لائیں گے۔ پارلیمانی وفد بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جموں کے بھائیوں سے گزارش ہے دہلی کے بنیے کے دھوکے میں نہ آئیں، آزاد کشمیر اور وادی کے لوگ کشمیر کے حقوق کی جنگ لڑر ہے ہیں، ہمارا وکیل پاکستان ہے، ہمارا مستقبل پاکستان ہے۔

وزارت خارجہ کو کہا ہے کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کو آزاد کشمیر آنے دیں، ہمارے پاس چھپانے کو کچھ نہیں ہے، یو این کا مشن آکر دیکھے آزاد کشمیر میں لوگ کیسے رہ رہے، آزاد کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن کی آزاد کشمیر آمد سے ہندوستان پر دباؤ بڑھے گا۔