جے آئی یوتھ ایک نظریاتی نواجوانوں کا قافلہ ہے ،عتیق الرحمن

167

پشاور(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی پشاور کے امیر عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، جے آئی یوتھ ایک نظریاتی نواجوانوں کا قافلہ ہے جس سے قوم کی بڑی امیدیں وابستہ ہیں، یوتھ کے نوجوانوں کو پاکستان کو حقیقی معنیٰ میں ایک جمہوری، فلاحی و اسلامی ریاست کے قیام کیلیے تحریک اسلامی کے ہر اول دستہ کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ ضلع پشاور کے ایگزیکٹیوکونسل کے اجلاس اور پی کے 66،پی کے 76کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر جماعت اسلامی یوتھ ضلع پشاور نورغلام، جنرل سیکرٹری جوہرحسین، ٹاون ممبر انجینئرعمران، نائب صدرحاجی عابداور دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔اجلاس میں 25 اگست عوامی مارچ کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عتیق الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو مایوس کیا ہے، حکومت نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ تاحال پورا نہیں کیا، نوجوان دربدر گھومتے پھررہے ہیں جبکہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے،انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ غلامی کے نئے معاہدے اور امداد کی بحالی کے سوا کچھ نہیں۔ امریکن حکام سے ملاقاتوں میں تعریفوں کے پل باندھنے اور ماضی کے حکمرانوں کو برا بھلا کہنے کے باوجود سردمہری کا مظاہرہ اس بات کا ثبوت ہے کہ برابری کی سطح پر دو طرفہ تعلقات کی باتیں محض بیانات اور خام خیالی ہیں اور ان کا حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔ حکومت نے جو وعدے امریکا میں کیے ہیں وہ عوام کے سامنے رکھیں۔ انہوں نے جے آئی یوتھ کو نوجوانوں کے مسائل کو اجاگرکرنے سمیت ملک روشن مستقبل کے لیے ان کے کرادار وعزائم کو سراہا۔