کدو حسن افزا سبزی یہ دوائی اثرات کی حامل ہے

2183

آخر کیوں نا غذائی اجزاء سے مالا مال اس سبزی کے دوائی اثرات سے مستفید نہ ہوا جائے ۔ یہ جسم کے فاسد مادوں کا فوری اخراج کرتا ہے اس کا جوس پیشاب کی جلن دور کرتا ہے اور معدے کی تیزابیت دور کرتا ہے ۔ اندرونی انفیکشنز میں بھی مفید ہے ۔ گرمیوں یا سردیوں میں سر چکرائے یا نیند نہ آئے تو پچھلے وقتوں کی بزرگ خواتین اس کے موٹے چھلکوں سے پائوں کے تلوئوں پر مالش کیا کرتی تھیں ۔ کدو کے تیل کی مالش نیند آور ہے ۔ علاج بالغذا کے طور پر اس سبزی کو ہر رنگ اور ہر روپ میں استعمال کر کے دیکھیے بجائے نیند آور ادویات کھانے کے اور خون کو ان ادویات کے رد عمل اور مضر اثرات سے بچانے کے لیے قدرتی ذرائع سے مدد لینا نہایت مفید ہے ۔
کدو کے بیج طاقتور اینٹی ریجنگ اینٹی اکسڈینٹ پر مشتمل ہیں اس کے علاوہ اس سبزی میں وٹا من E، سیلینم اور دیگر ضروری قیمتی ایسڈ موجود ہیں جو جلد کی دیکھ بھال کے لیے موثر ترین سمجھے جاتے ہیں ۔ جسم کی جلد کے مقابلے میں انسان کے چہرے کی جلد غذائی اجزاء کی کمی کو ظاہر کرنے والی پہلی جگہ ہوتی ہے ۔ اس کے بیجوں میں شامل ضروری معدنیات اور وٹامنز جلد کی ساخت کو بہتر بنانے اور اسے نرم و ملائم اور چمکدار رکھنے میں مدد دیتے ہیں ۔ جلد کے نشانات سے خاص کر مہاسوں کو ختم کرنے میںمعاونت کرتا ہے
وٹامن A اور E نئے خلیوں کی نشوو نما مستحکم کرتا اور بڑھاتا ہے ۔ جلد کو ہموار اور داغ دھبوںسے محفوظ رکھتا ہے ۔
کچھ کینسرز Exidative تنائو ، آلودگی پھیلانے والے عناصر اور کار سینو جن کی وجہ سے لا حق ہو سکتے ہیں ۔ کدو کے بیجوں میں منفرد اینٹی آکسیڈینٹ کا ملاپ اس قسم کے کینسر کے علاوہ بریسٹ اور پروسٹیٹ کینسر سے بھی محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ے ۔ غرضیکہ ہڈیوں کی بیماریوں ، سر درد ، قبض ، داڑھ کے درد اور گردے کے امراض میں یہ سبزی کا ر آمد اور پر اثر ہے ۔
چلئے کدو کا فیس ماسک بناتے ہیں
دو چائے کے چمچ کدو کی پیوری بنا لیں ، آدھا چمچ شہد 1/4 چمچ گاڑھی بالائی یا برئاون شوگر( خشک جلد کے لیے) اور1/4 چمچ سرکہ یا کرین بیری جوس( چکنی جلد کے لیے) ان تمام اجزاء کو باہم ملا کر انگلیوں کی مدد سے آنکھوں کے حصے کو چھوڑ کرپورے چہرے پر لگا لیں پھر 15منٹ خشک ہونے دیں ۔
اس کے بعد سادہ پانی سے چہرے کو دھو لیں ۔ چہرہ خشک کرنے کے لیے نرم و ملائم ٹشو یا تولیہ استعمال کریں ، کبھی کھردرا کپڑا یا تولیہ استعمال نہ کریں ۔
اسپائس فیشل
دو کھانے کے چمچ کدو کے ٹکڑے ، آدھا چمچ دودھ اور ایک چوتھائی چمچ دار چینی پائوڈر ان تمام اشیاء کو ملا کر اس کا پیسٹ بنا لیں اور اسے صاف دھلے ہوئے چہرے پر15 سے20منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں ۔ اس میں شامل انزائم اور وٹامنز جلد کے گردو و غبار اور مردہ خلیوں کو ہٹا کر اسے ٹائٹ نرم و ملائم اور لچکدار بنا دیتے ہیں ۔
فیس اور باڈی اسکرب: گو کہ اب مارکیٹ میں تیار اسکرب بآسانی مل جاتے ہیں مگر تازہ اشیاء استعمال کرنے کا فائدہ اپنی جگہ پر اثر ہوتا ہے ۔ کچھ بہت زیادہ نہیں صرف 5 کھانے کے چمچ کدو کا گودا،3 کھانے کے چمچ برائون شوگر ، آدھا کپ کد وکے بیجوں کا تیل یا کدو کے پسے ہوئے بیج ملا کر پیسٹ بنا لیں اور 2سے3 منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں پھر نرم ہاتھوں سے چہرہ دھو لیں۔
اینٹی ایجنگ ماسک: پکے ہوئے کدو کو حسب ضرورت کاٹیں اور بلینڈ کر لیں ۔ اب دو انڈوں کی زردی اور تھوڑا سا صندل کا تیل ڈال کر پیسٹ بنا لیں ۔20 منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں اور سادے پانی کے سے چہرہ دھو لیں اچھی کمپنی کا فیس واش استعمال کر سکتی ہیں مگر جلد کو رگڑنے سے پرہیز کریں ۔