ملک کے بالائی علاقوں  میں طوفانی بارش‘4ہلاک

151

کراچی/اسلام آباد/ لاہور/ سیالکوٹ /میر پور (خبر ایجنسیاں) ملک کے بالائی علاقوں میں طوفانی بارش‘4ہلاک‘ نشیبی علاقے زیرآب ،ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بندہوگئیں، جہلم اور چناب میں اونچے
درجے کے سیلاب کا خطرہ۔فوج و ریسکیو ادارے الرٹ،عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں جبکہ کراچی میں اتوارسے بارش کی پیشگوئی،بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کراچی میں ہلکی بارش سے کے الیکٹرک کا سسٹم پھر بیٹھ گیا،بیشتر علاقوں سے بجلی غائب‘ شہریوں نے رات اندھیرے میں کاٹی، آنکھ مچولی کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، لاہور، گجرات،گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بادل برس پڑے، لاہور میں تیز بارش نے موسم کو خوشگوار کیا اور گرمی کا زور توڑ دیا۔اس کے علاوہ راولپنڈی ،حافظ آباد ، ڈسکہ ، سیالکوٹ ، ظفروال ،ننکانہ صاحب میں بارش نے موسم سہانا کردیا ، آزاد کشمیر میں بھی شدید بارش کاسلسلہ جاری رہا ،مسلسل بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے جبکہ بالائی مقامات پر اکثر جگہوں پر لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں ۔شدید بارش کے باعث خالق آباد کے مقام پر کرنٹ لگنے سے 2 بھائی جاں بحق ہوگئے ، راولپنڈی، اسلام آباد میں علی الصبح 3 بجے سے شروع ہونے والی بارش مسلسل جاری رہی ، جڑواں شہروں میں 140 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ایم ڈی واسا محمد تنویر نے نشیبی علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ نالہ لئی میں پانی کے بہا ئوکی نگرانی مسلسل نگرانی کی جا رہی ،پری مون سون کے لیے واسا عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔ضلعی انتظامیہ نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل پلان تیار کر رکھا ہے، پاک فوج، ریسکیو 1122، واسا اور دیگر ادارے الرٹ کر دیے گئے ۔راولپنڈی کے ایک گھر میں بارش کا پانی بیسمنٹ میں بھرگیا جس میں ڈوب کر ماں بچہ جاں بحق ہو گئے۔ 30 سالہ ماں اپنے ایک سالہ بیٹے کو بچاتے ہوئے پانی میں ڈوب گئی۔وزیر ریلوے شیخ رشید گوالمنڈی نالہ لئی پل پہنچ گئے جہاں انہوں نے نالہ لئی میں پانی کی سطح کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ انتظامیہ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب،خیبرپختونخوا،بلوچستان اور کشمیر میں طوفانی بارشوں جبکہ دریائوں اور برساتی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشہ کا اظہار کیا ہے جبکہ دریائے چناب میں اورنچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں سے ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اور کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن نے دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔ چناب، سندھ اور دریا کابل بھی بپھر سکتا ہے، دریائے جہلم میں بھی منگلا کے مقام پر سیلاب کا خطرہ ہے۔علاوہ ازیںکراچی میں جمعرات کو دن بھر ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ کراچی میں گزشتہ شب شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بوندا باندی اور ہلکی بارش کے بعد کے الیکٹرک کا سسٹم ایک بار پھر بیٹھ گیا۔ رات کے اوقات میں مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی غائب رہی اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بجلی آنکھ مچولی کا سلسلہ جمعرات کو دن بھر جاری رہا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش کی پہلی بوند گرتے ہی کے الیکٹرک نے بجلی بند کردی اور رات بھر پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شکایت درج کرانے پرکمپلین نمبر دینے کے بعد کے الیکٹرک والے سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی ذمے داری سے فارغ ہوگئے اور اس کے بعد کئی کئی گھنٹے تک عمل نہیں ہو تا ہے۔دوسری جانب کراچی میںاتوار کوراجستھان سے بارشوں کا ایک سسٹم داخل ہورہا ہے اور شہر میں اتوار اور پیر کوآندھی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے چیف میٹ سردار سرفراز کے مطابق مون سون کا سیزن چل رہا ہے اور راجستھان سے اتوار (28 جولائی) کو سندھ میں سسٹم داخل ہوگا،کراچی میں آندھی بھی آئے گی اور پھر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔ انہوں نے کہاکہ بارشوں کے نئے سسٹم کے حوالے سے ہم نے کمشنر کراچی اور کے الیکٹرک کو آگاہ کردیا ہے۔
طوفانی بارشیں