ہمارے 63 سینیٹر کو دھمکیاں اور خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے، ن لیگ

165

 

کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عمران خان نیازی پر امریکا کے دورے میں2 سے3 چارج شیٹیں لگ چکی ہیںجو بیانات انہوں نے وزیر اعظم کی حیثیت سے دیے وہ پاکستان کے لیے مہنگے پڑسکتے ہیں، ہماری حکومت آئی تو ہم عمران خان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ چلائیں گے،نااہل حکمرانوں نے10 ماہ میں 10 ارب ڈالر کا قرض لیا ہے،امریکی صدر ٹرمپ سے ہاتھ ملانے اور ملاقات کرلینے کو کامیاب دورہ قرار دیا جارہا ہے جب کہ ہمارے نزدیک یہ دورہ ناکام ہواہے، چیئرمین سینیٹ کے خلاف لائی جانے والی تحریک میں ہمارے پاس نمبر پورے ہیں،62، 63 ارکان ہمارے ساتھ ہیں جب کہ انہیں خریدنے اور دھمکیاں دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان
خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوپاکستان مسلم لیگ( ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ، سابق گورنر سندھ محمد زبیر، رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی، سلمان خان، علی اکبر گجر، سید منور رضا، مہیش کمار اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ 25جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اس روز ووٹ کو عزت دینے کے بجائے اس کی عزت کو پامال کیا گیاتھا، اس روزپاکستان مسلم لیگ (ن)،پیپلز پارٹی،جمعیت علمائے اسلام،جماعت اسلامی سمیت تمام جماعتوں کو ٹارگٹ کیا گیا ،نتائج روکے گئے ،نیا آر ٹی ایس سسٹم لایا گیا جو ناکارہ ہوگیا ، یہ پورے انتخابات مکمل طور پر متنازع بن گئے، حکومت کو 11 ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہے لیکن آج بھی گالم گلوچ اور کنٹینر کی سیاست کی جارہی ہے، امریکا میں بیٹھ کر نواز شریف اور آصف علی زرداری برا کہا جارہا ہے، امریکا میں بیٹھ کر عمران خان نے بیان دیا کہ اسامہ پاکستان میں موجود تھا اور ایجنسیوں کو یہ بات معلوم تھی ، اس کے علاوہ پاکستان میں دہشت گردی کی تربیت دے کر دہشت گردی کرائی جارہی ہے ،یہ ایسی چارج شیٹیں جس کی بنیاد پر غیر ملکی طاقتیں فائدہ اٹھاسکتی ہیں، ہماری حکومت آئی تو ہم اس کی بنیاد پر عمران خان کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ چلائیں گے،عمران خان نیازی کا امریکا کے دورے سے واپسی پر ایسا استقبال کیا جارہا ہے کہ وہ جیسے حج کرکے آئے ہیںجبکہ انہوں نے امریکا کے سامنے مکمل طور گھٹنے ٹیک دیے ہیںاور پاکستان کے عوام کی عزت کو پامال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جیلوں سے نہیں ڈرتے، ہم تمام اپوزیشن کے لوگ جیلوں میں جانے کے لیے تیار ہیں۔ سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ گھوٹکی کے انتخابات میں کوئی بھی یہ نہیں کہہ سکتا ہے کہ پیپلز پارٹی نے دھاندلی کی ہے کیوں کہ یہ انتخابات فوج اور رینجرز کی زیرنگرانی ہوا ہے جہاں کے عوام نے مکمل طور پر تحریک انصاف کے امیدوار کو مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار ملک میں ایسا ہوا ہے تاجروں نے سیاسی جماعتوں کے بغیر خود سے ہڑتال کی جو انتہائی پر امن اور کامیاب تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب اپوزیشن بھر پور طریقے سے حکومت کے خلاف تحریک چلائے گی۔
ن لیگ