سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر کی جبری ریٹائرمنٹ کا حکم معطل

149

کراچی (نمائندہ جسارت) عدالت عالیہ سندھ نے ڈائریکٹر انجینئرنگ سمیر سعید کوجبری ریٹائرکرنے کے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے فیصلے کو تا سماعت ثانی معطل کردیا ہے ۔ 19 جولائی کو سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سمیر سعیدکو فوری طور پر جبری ریٹائر کرنے کا حکم جاری کیا تھا ۔ قائم مقام ڈائریکٹر جنرل شاہ رخ نصرت کے دستخط سے جاری کردہ سمیر سعید کی جبری سبکدوشی کے خط میں کہا گیا تھا کہ مجاز اتھارٹی سیکرٹری ایوی ایشن (شاہ رخ نصرت ) نے تحقیقاتی بورڈ کے اظہار وجوہ کے نوٹس کے ضمن میں آپ کا جواب ملاحظہ کیا ۔ مجاز اتھارٹی (شاہ رخ نصرت ) یہ سمجھتی ہے کہ آپ پر لگائے گئے الزامات درست ہیں اس لیے آپ کو
فوری طور جبری سبکدوشی کی سزا دی جاتی ہے ۔ واضح رہے کہ شاہ رخ نصرت کی تعیناتی کی مدت میں توسیع نہ ہونے کے باعث ان کے کیے گئے انتظامی فیصلوں پر پہلے سے سوالیہ نشان ہے۔ 16جنوری 2019ء کو سیکرٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت کو3 ماہ کے لیے ڈی جی سی اے اے کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔ مذکورہ حکم نامے کی رو سے 16اپریل کو 3 ماہ گزرنے کے بعد شاہ رخ نصرت ڈی جی سی اے اے نہیں رہے کیوں کہ ان کی تعیناتی کی مدت میں توسیع کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے ۔
سول ایوی ایشن