سیاست کو لوٹ مار کے لیے استعمال کرنیوالے عبرت کا نشان بن رہے ہیں، فردوس عاشق

129

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) تحریک انصاف کے رہنمائوں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرکے سیاسی بونوں کا قد اونچا نہیں ہوگا، اپوزیشن کا یوم سیاہ بری طرح ناکام ہواہے،25 جولائی کو عوام نے تبدیلی اور بہتر مستقبل کا انتخاب کیا ،سیاسیت کو لوٹ مار کے لیے استعمال کرنے والے سیاسی عبرت کا نشان بن رہے ہیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا 25جولائی کے دن اداروں کو بااختیار بنانے کے عمل کا آغاز ہوا اور ملک سے موروثی سیاست اور ظل سبحانی کی شہنشائیت کا خاتمہ ہوا۔ چوروں، جاگیرداروں اور لوٹ مار کرنے والوں کو اصلی جگہ پہنچا دیا، عوام
کے سامنے ان کی سیاہ کاریوں کو لانا ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو عوام نے ایسا لیڈر چنا جو نہ جھکنے والا ہے نہ بکنے والا، اس دن اداروں کو بااختیار اور آزاد بنانے اور ایک روشن صبح کا آغاز ہوا جس نے پاناما کے چوروں کو اصل جگہ پہنچایا، یہ خاندانی اور مورثی سیاست کے خاتمے اور ایک عظیم فتح کا دن ہے۔تحریک انصاف کی جانب سے یوم تشکر منانے کے حوالے سے اسد عمر نے اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن میں جیت کے ساتھ بہتر پاکستان کے لیے جدوجہد اختتام پذیر نہیں ہوئی، ایک سال قبل عوام نے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کا مک مکا دفن کرنے کے لیے ووٹ دیا۔تحریک انصاف کے چیف آرگنائزرسیف اللہ خان نیازی نے کارکنان کو کامیابی کا ایک سال پوراہونے پر مبارکباددیتے ہوئے کہاہے کہ قوم آج وزیراعظم کے تاریخی دورہ امریکا اور انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 25 جولائی کو قوم نے تبدیلی اور بہتر مستقبل کا انتخاب کیا، روایتی اور کرپٹ سیاسی ٹولہ پاکستان کو اندھیروں کی جانب واپس دھکیلنا چاہتا ہے، سیف اللہ خان نیازی نے کہاکہ انتخابات میں شکست فاش کا بدلا قوم اور ملک لینا چاہتے ہیں، سیاست کے لبادے میں مافیاز کو جرم اور گھناؤنے ایجنڈے کی تکمیل کی اجازت نہیں دی جاسکتی، قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والوں کا کڑا احتساب قوم کی خواہش اور ملک کی ضرورت ہے۔
فردوس عاشق