سود کی لعنت سے عوام پر مہنگائی کا عذاب مسلط ہے،حسین محنتی

165

کراچی /سکھر(نمائندگان جسارت ) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسی اور سود کی لعنت سے عوام پر مہنگائی کا عذاب ہے، امریکا سے بھیک مانگنے سے نہیں اللہ سے رجوع کرنے میں ہی حالات کی بہتری ممکن ہے، تاریخ گواہ ہے کہ امریکا نے کبھی بھی پاکستان سے وفا نہیں کی۔دعوت دینے والے داعی کو اپنے آپ پر دعوت دین کا روگ چڑھانا چاہیے، چلتے پھرتے داعی کا کردار نظر آنا چاہیے، اس کے بغیر دعوت معاشرے میں مؤثرو نتیجہ خیز نہیں بن سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ تفہیم القرآن سکھر میں جماعت اسلامی سندھ کے شعبہ مساجد و مدارس کے زیراہتمام
5 روزہ تدریب المعلمین سے آخری روز اختتامی خطاب کے دوران کیا۔ جس میں مدارس کے اساتذہ و مہتمم حضرات شریک تھے۔ اس موقع پر صوبائی رہنما عبدالحفیظ بجارانی، مولانا حزب اللہ جکھرو، عبدالرحمن منگریو ، ناظم شعبہ آفتاب احمد ملک، جمعیت تعلیم القرآن کے مولانا عاقل ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنابھی موجود تھے۔ قبل ازیں صوبائی امیر نے شرکا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے جبکہ مختلف دینی اسکالرز و ٹرینرز نے معلمین کو تعلیمی و انتظامی قابلیت بڑھانے کے حوالے سے لیکچرز دیے۔محمد حسین محنتی نے مزید کہاکہ پاکستان اسلام کے غلبے کے لیے بنا تھا اس لیے پاکستان واسلام ایک دوسرے کے ساتھ لازمی ہیں مگر آج حکومتی سرپرستی میں ملک کی نظریاتی سرحدوں کو کھوکھلا کیا جا رہا ہے۔دینی مدارس و مساجد پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں جبکہ دوسری جانب سینماگھروں کو سبسڈی اور ملک میں قادیانی نواز پالیسی کا تاثر بڑھتا جا رہاہے جوکہ انتہائی تشویش ناک بات ہے۔انہوں نے کہاکہ حق وباطل کا معرکہ شروع دن سے جاری ہے، اسلام غالب ہونے کے لیے آیا ہے مغلوب ہونے کے لیے ہرگز نہیں۔
حسین محنتی