غیر ملکی ڈکیت گروہ کے 3 کارندے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

157

کراچی (نمائندہ جسارت) جوڈیشنل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے بین الاقوامی غیر ملکی ڈکیت گینگ میں شامل 3 جعلی پولیس اہلکاروں پر مشتمل ایرانی باشندوں کو 27 جولائی تک کے جسمانی ریمانڈ پر تھانہ سولجر بازار پولیس کے حوالے کردیا۔ ملزمان علی ایرانی، احمد رضا ایرانی اور عدنان جعفری کو پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات میں عدالت میں پیش کیا۔ ملزمان نے ڈکیتی کے دوران پولیس کی ٹی شرٹ
پہن رکھی تھی اسی پولیس ٹی شرٹ میں ملبوس ملزمان کو پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کا انٹر نیشنل ڈکیت گینگ سے تعلق ہے، ملزمان کار نمبر BLG.446 میں سوار تھے اور مقدمے کے مدعی منصف شیخ سے اسلحے کے زور پر 3 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو رہے تھے ان کو مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ ملزمان سے 9 ایم ایم پستول، چرس اور 5 گرام آئس، لوٹے ہوئے 3 لاکھ روپے، پولیس وردی، جعلی گاڑی نمبر پلیٹ اور جعلی واکی ٹاکی بھی برآمد کیا گیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش کرنی ہے اور ملزمان کے خلاف اسلحہ ایکٹ، ڈکیتی، منشیات اور فارن ایکٹ کے 6 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ڈکیت گروہ