سندھ پولیس کرپشن ریفرنس: ملزمان کے  وکلا کو تیاری کرکے آنے کا حکم

171

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ ہائیکورٹ نے سندھ پولیس میں بڑے پیمانے پر کرپشن ریفرنس میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، اے آئی جی تنویر طاہر اور دیگر ملزموں کی
درخواست ضمانت پر ملزمان کے وکلا کو دلائل کیلیے تیاری کرکے پیش ہونے کا حکم دے دیااور مزید سماعت 20 اگست تک ملتوی کردی۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور جسٹس شمس الدین عباسی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے درخواست ضمانت کی سماعت کی نیب کے مطابق پولیس افسر تنویر احمد، عتیق الرحمن اور شفیق نے پلی بارگین کی درخواست دی ہے۔ ملزمان کی درخواستیں ہیڈکوارٹر ارسال کردی ہیں۔ عدالت نے نیب کو ملزمان کی پلی بارگین کی درخواستوں پر 18 اپریل کو فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ملزموں پر سرکاری خزانے کو 15 کروڑ روپے سے زائد نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ملزموں میں سابق اے آئی جی تنویر احمد طاہر، فدا حسین شاہ، کامران راشد، سابق اے آئی جی فیصل بشیر میمن، سرمد مدحت حسین اور علی اصغر اور دیگر شامل ہیں۔ ریفرنس کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس کی شکایت پر بنایا گیا۔ ملزموں پر پولیس فیڈنگ فنڈ کی مد میں کرپشن کا الزام ہے۔ پولیس فیڈنگ فنڈ میں اہلکاروں کی تنخواہوں سے کٹوتی کی گئی۔ ملزموں نے پولیس گاڑیوں کی مینٹینس کے نام پر سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا اور ٹینڈرز کے بغیر من پسند افراد کو ٹھیکے دیے۔
کرپشن ریفرنس