امکانی بارشوں سے پہلے حفاظتی اقدامات کیے جائیں، کمشنر سجاول

145

سجاول (نمائندہ جسارت) مون سون امکانی بارشوں سے پہلے حفاظتی اقدامات کرنے کے لیے ایم این اے سید ایاز علی شاہ شیرازی اور ڈپٹی کمشنر سجاول محمد اسماعیل میمن کی زیر صدارت دربار ہال میں اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر II غلام حیدر خاصخیلی، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہناز خواجہ، اسسٹنٹ کمشنر سجاول عبدالکریم سنگراسی، مختارکار جاتی محمد عمر میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اورنگزیب سموں اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سجاول محمد اسماعیل میمن نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلع سجاول کے تمام محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں کوئی بھی افسر ضلعی ہیڈکوارٹر نہیں چھوڑ سکتا۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ مون سون کی امکانی تیز بارشوں یا سیلاب سے پہلے حفاظتی انتظامات کے متعلق کانٹیجنسی پلان ترتیب دے کر رپورٹ دی جائے۔ خراب مشینری کی مرمت کراکے تیار حالت میں رکھی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ برساتی پانی کی قدرتی گزرگاہوں سے تمام رکاوٹیں ہٹائی جائیں تاکہ بارش کا پانی با آسانی نکل سکے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت دیں کہ امکانی سیلاب کی صورت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اسکولوں میں کیمپ تیار رکھے جائیں۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی کو ہدایت دی کہ انتہائی حساس دریائی پشتوں کی نشاندہی کرکے ان پر عملے کی ڈیوٹی لگائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم بھی بنایا گیا ہے جس کا فون نمبر 0298510077 اور فیکس نمبر 0298510051 ہے جبکہ آفس سپرنٹنڈنٹ محمد عثمان ترک فون 03103017705 کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔