شہداد پور، ڈیجیٹل میٹر لگانے سے ہزاروں روپے مالیت کے بل ارسال

445

شہدادپور (نمائندہ جسارت) شہدادپور واپڈا صارفین کو تیز رفتار ڈیجیٹل میٹر لگانے سے ہزاروں روپے مالیت کے بل ارسال، صارفین کی چیخیں نکل گئیں، سول سوسائٹی کی جانب سے شہدادپور کے شہریوں کو ریلیف دینے کا مطالبہ۔ شہدادپور کے شہریوں کو واپڈا کی جانب سے تیز رفتار ڈیجیٹل میٹر نصب کرنے سے ایک ماہ کے بل گھروں کے 30000 سے لے کر 70000 کے بل بھیج دیے جس سے شہریوں میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی جس پر سول سوسائٹی کے رہنماؤں ایڈووکیٹ حبیب الرحمن رند، سید ارشاد بخاری، الحاج غلام دستگیر قریشی ودیگر نے کہا کہ شہدادپور میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بڑھنے کے باوجود گھریلو صارفین کو ہزاروں روپے مالیت کے بل بھیجنا کہاں کا انصاف ہے۔ پہلے ہی مہنگائی نے عوام کو بے حال کر دیا ہے، عوام مہنگائی کے مارے ہیں اوپر سے واپڈا کی جانب سے صارفین کو تیز رفتار ڈیجیٹل میٹر نصب کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدادپور اور گردونواح میں تیل اور گیس کے وافر ذخائر موجود ہونے کے باوجود شہریوں کو بجلی اور گیس کے بلوں میں کوئی ریلیف نہیں مل رہا جو کہ عدالت عالیہ کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان، چیف جسٹس اور وفاقی وزیر پانی و بجلی عمر ایوب سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ شہدادپور کے شہریوں کو بجلی اور گیس کے بلوں میں ریلیف دیا جائے۔