لاڑکانہ، عرضی نویسوں کیخلاف کارروائی، تین افراد گرفتار

330

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) جھوٹے دستاویزات بنا کر دینے پر اسسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ اقبال تنیو کی اسٹیمپ وینڈرز (عرضی نویسوں) کیخلاف کارروائی تمام دکانیں بند کروا دی گئیں، شک کی بنیاد پر تین افراد گرفتار، اسسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ اقبال تنیو کی جانب سے مختار کار آفس کے باہر قائم اسٹامپ وینڈرز (عرضی نویسوں) کی تمام دکانیں بند کروا دی گئیں ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ اقبال تنیو نے تمام وینڈرز کی دکانوں پر موجود اسٹیمپس اور سرٹیفیکیٹ خود چیک کیے سرکاری مہریں ملنے پر ایک اسٹیمپ وینڈر کو گرفتار کرلیا گیا۔ اقبال تنیو کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر آفس سے بینیو ویلنٹ فنڈز کی ویریفکیشن کے تین کیس آئے تھے، تاہم لاڑکانہ کے قریبی گائوں پلیو گوپانگ جا کر انکوائری کی تو سرٹیفکیٹ جھوٹے ثابت ہوئے۔ اسٹامپ وینڈرز کیخلاف پہلے بھی شکایات ملی تھیں۔ انہوں نے خواتین کو جھوٹے نو ری میریج سرٹیفکیٹ بنا کر دیے یہ سرٹیفکیٹ شوہر کی وفات کے بعد پنشن اور بینیو ویلینٹ فنڈز کے حصول کے لیے کام آتے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ اسٹیمپ وینڈرز کی دکانوں سے سرکاری مہریں بھی برآمد کی ہیں، چند وینڈرز فرار ہیں، پولیس کارروائی کر رہی ہے جبکہ مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔