حیدر آباد، واسا نے قلت آب کے ذمے دار جیسکو کو قرار دیدیا

187

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) واسا نے ایک مرتبہ پھر شہر میں پانی کی کمی کا ذمے دار حیسکو کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حیسکو کی جانب سے مختلف فیڈرز پر بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش نے فراہمی آب کا نظام درہم برہم کردیا، جامشورو فلٹر پلانٹ اور مین ٹھنڈی سڑک پمپنگ اسٹیشن کی بدھ کی رات دو بجے معطل ہونے والی بجلی جمعرات کی صبح چھے بجکر 20 منٹ پر جزوی طور پر بحال ہوئی، اس کے بعدشروع ہونے والا ٹرپنگ کا سلسلہ دن بھر جاری رہا، اس کے ساتھ ہالا ناکہ فلٹرپلانٹ‘ پریٹ آباد فلٹر پلانٹ پر بھی ٹرپنگ کا سلسلہ رات سے صبح تک جاری رہا جبکہ حیسکو نے اس ٹرپنگ کی وجہ شہر میں چلنے والے جھکڑوں کو قرار دیا ہے۔ بجلی کے اس تعطل اور ٹرپنگ کی وجہ سے واسا کے فلٹر پلانٹس اور اہم پمپنگ اسٹیشنوں کی مشینری مفلوج ہوکر رہ گئی، جس کے نتیجے میں تعلقہ سٹی‘ لطیف آباد اور قاسم آباد کو فراہمی آب کا عمل متاثر ہوا اور معمول سے تقریباً ایک کروڑ گیلن کم پانی فراہم کیا جاسکا، جبکہ پیر کے روز ہونے والی بارش کے دوران حیسکو کی جانب سے 16 گھنٹے کے بریک ڈاؤن نے نظام کو پہلے ہی متاثر کیا ہوا ہے۔